کرناٹک

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ملک کی بہترین یونیورسٹی، جانئے جامعہ کو ملا کونسا مقام؟

بنگلور میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ملک کی بہترین یونیورسٹی ہے، اس کے بعد جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور تیسرے نمبر پر جامعہ ملیہ یونیورسٹی کو مقام ملا ہے۔

نئی دہلی: بنگلور میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ملک کی بہترین یونیورسٹی ہے، اس کے بعد جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور تیسرے نمبر پر جامعہ ملیہ یونیورسٹی کو مقام ملا ہے۔

یہ اطلاع وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے جمعہ کو یہاں اس سال کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ رینکنگ فریم ورک جاری کرتے ہوئے دی۔

یہ پہلا موقع ہے جب جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کو ٹاپ تھری یونیورسٹیوں میں جگہ ملی ہے۔ دہلی یونیورسٹی رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر ہے۔ مجموعی درجہ بندی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) مدراس نے لگاتار چوتھے سال پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، اس کے بعد انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس بنگلور دوسرے اور آئی آئی ٹی ممبئی تیسرے نمبر پر ہے۔

انجینئرنگ کیٹیگری میں آئی آئی ٹی مدراس ایک بار پھر سرفہرست ہے جبکہ آئی آئی ٹی دہلی اور آئی آئی ٹی ممبئی دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

ایمس دہلی کو میڈیکل کالجوں کے زمرے میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ لاء یونیورسٹی کے شعبے میں نیشنل لاء یونیورسٹی، بنگلور کو ٹاپ رینکنگ دی گئی ہے۔ کالجوں کے زمرے مرنڈا کالج پہلے نمبر پر ہے۔

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ احمد آباد مینجمنٹ کے زمرے میں سرفہرست رہا ہے جبکہ بنگلور اور کولکتہ کے مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کو دوسرے اور تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔