تلنگانہ

اتفاقی طورپر گولی چل جانے سے پولیس کانسٹبل ہلاک

وہ منچرال ضلع کے بٹوان پلی گاوں کا رہنے والا ہے۔اس کے دیگر ساتھیوں نے صبح تقریبا پانچ بجے گولی کے چلنے کی آواز سنی اور سنتری کی ڈیوٹی کرنے والے کانسٹیبل کے پاس جب وہ پہنچے تو وہ خون میں لت پت تھا۔

حیدرآباد: گولی کے چل جانے کے نتیجہ میں ایک پولیس کانسٹیبل کی موت ہوگئی ۔یہ واقعہ تلنگانہ کے کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے کاوٹالہ پولیس اسٹیشن میں منگل کی صبح پیش آیا۔گولی اس کے جبڑے میں لگی۔

اس کانسٹیبل جس کی شناخت ایس رجنی کمار کے طورپر کی گئی ہے، سنتری کی ڈیوٹی پر تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔پولیس اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ آیا گولی اتفاقی طورپرچلی یا پھر اس نے خود پر یہ گولی چلالی۔

پولیس نے کہاکہ اس کانسٹیبل کا تعلق تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس یونٹ کی 13ویں بٹالین سے ہے۔وہ منچریال ضلع کے بٹوان پلی گاوں کا رہنے والا ہے۔اس کے دیگر ساتھیوں نے صبح تقریبا پانچ بجے گولی کے چلنے کی آواز سنی اور سنتری کی ڈیوٹی کرنے والے کانسٹیبل کے پاس جب وہ پہنچے تو وہ خون میں لت پت تھا۔

اس کو فوری طورپر علاج کے لئے کاغذنگر کے اسپتال منتقل کردیاگیا۔ایس پی سریش کمار نے اسپتال پہنچ کر اس کی عیادت کی۔بعد ازاں اس کو بہتر علاج کے لئے کریم نگر کے دوسرے پرائیویٹ اسپتال لے جایاگیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔