حیدرآباد

ائمہ کرام کے3ماہ کے اعزازی مشاہرے جاری کئے جائیں

ریاستی حکومت کی جانب سے ائمہ کرام کے اعزازی مشاہرہ3ماہ سے جاری نہیں کیاہے جس کے باعث ائمہ کرام کومالی مشکلات کا سامناکرنا پڑرہاہے۔

حیدرآباد: ریاستی حکومت کی جانب سے ائمہ کرام کے اعزازی مشاہرہ3ماہ سے جاری نہیں کیاہے جس کے باعث ائمہ کرام کومالی مشکلات کا سامناکرنا پڑرہاہے۔

جبکہ صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے20رمضان تک ائمہ کرام کے ماباقی3ماہ کے اعزازی مشاہرے جاری کرنے کا بیان دیاتھا۔

اطلاع کے مطابق محکمہ فینانس کی جانب سے یہ رقم اب تک جاری نہیں کی گئی ہے۔آج24 رمضان المبارک ہے۔ چند یوم میں عیدالفطر ہوگی۔ حکومت اگر عیدالفطر سے ائمہ کرام کواعزازی مشاہرے جاری کرے گی توان کے خاندان عیدالفطر کے اخراجات پر رقم خرچ کرسکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ائمہ کرام کے اعزازی مشاہرے جاری نہ کرنے سے حکومت کی نیک نامی متاثر ہورہی ہے۔ چند یوم قبل مسلم قائدین نے وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے ائمہ کرام کے اعزازی مشاہرہ جاری کرنے کے لئے نمائندگی کی تھی۔

انہوں نے ائمہ کرام کے 5ماہ کے بقایاجات اداکرنے کے بجائے صرف دو ماہ کے اعزازی مشاہرے جاری کئے ہیں۔ ائمہ کرام نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ جلد سے جلد ان کے3ماہ کے ماباقی اعزازی مشاہرے جاری کریں۔

انہوں نے کہاکہ انہیں قوی توقع ہے کہ صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان اس سلسلہ میں ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے نمائندگی کریں گے۔