گیس سلنڈر میں زوردار دھماکہ، ڈیلیوری بوائے نے بھاگ کر بچائی جان (ویڈیو)
کرناٹک کے شہر بنگلورو کے ملیشورم علاقہ میں گیس سلنڈر کی ڈیلیوری کے دوران اچانک آگ لگنے اور زوردار دھماکہ کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ڈیلیوری بوائے کو سلنڈر میں آگ لگتے ہی اپنی جان بچانے کے لئے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بنگلورو۔ 4 نومبر: کرناٹک کے شہر بنگلورو کے ملیشورم علاقہ میں گیس سلنڈر کی ڈیلیوری کے دوران اچانک آگ لگنے اور زوردار دھماکہ کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ڈیلیوری بوائے کو سلنڈر میں آگ لگتے ہی اپنی جان بچانے کے لئے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ خوش قسمتی سے وہ اس حادثہ میں محفوظ رہا اور اسے کوئی بڑی چوٹ نہیں آئی۔
اطلاعات کے مطابق ایک مکان میں رہنے والی خاتون نے دروازہ کی چوکھٹ دھونے کے بعد وہاں پوجا کی تھی اور تیل کا دیا روشن کیا تھا۔ اسی دوران گیس سلنڈر کی ڈلیوری کرنے والا نوجوان وہاں پہنچا۔ وہ اپنے کندھے پر سلنڈر اٹھائے ہوئے تھا۔ اس نے مکان کے دروازے کے قریب سلنڈر رکھا اور اس کا کیپ کھولا۔ بتایا جاتا ہے کہ سلنڈر سے پہلے ہی گیس خارج ہورہی تھی۔
جیسے ہی خارج ہونے والی گیس دروازہ کے قریب روشن دئے کی آگ کے رابطہ میں آئی، اچانک شعلہ بھڑک اٹھے اور چند ہی لمحوں میں سلنڈر زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈیلیوری بوائے نے فوری طور پر وہاں سے دور ہٹ کر اپنی جان بچائی۔
اس واقعہ نے ایک مرتبہ پھر گھروں میں ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال اور ان کی ڈلیوری کے دوران حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کردیا ہے۔