کانگریس رکن پارلیمنٹ کے تھپڑ مارنے کا ویڈیو وائرل
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور رام ٹیک حلقے کے نمائندے شیام کمار بروے کی جانب سے پارٹی کی ساتھی اور چندرپور کی رکن پارلیمنٹ پرتیبھا دھنورکر کو مذاق میں تھپڑ مارنے کا مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
ناگپور: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور رام ٹیک حلقے کے نمائندے شیام کمار بروے کی جانب سے پارٹی کی ساتھی اور چندرپور کی رکن پارلیمنٹ پرتیبھا دھنورکر کو مذاق میں تھپڑ مارنے کا مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
اس واقعے کے بعد دونوں رہنماؤں نے وضاحت کی ہے کہ یہ محض ہنسی مذاق کا ایک واقعہ تھا۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ یکم نومبر کو دہلی میں ایک کھڑی ہوئی بس کے اندر پیش آیا، جہاں اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرتیبھا دھنورکر، رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں اور بات چیت کے دوران ہنس رہی ہیں۔ اسی دوران قریب کھڑے شیام کمار بروے انہیں ہلکے سے تھپڑ مارتے ہیں، جس پر پرتیبھا دھنورکر لمحہ بھر کے لیے چونک جاتی ہیں۔چہارشنبہ کے روز اس واقعے پر پیدا ہونے والے تنازعہ کے ردعمل میں بروے نے کہا کہ پرتیبھا دھنورکر ان کے لیے چھوٹی بہن کی طرح ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن کے احتجاج کو کمزور کرنے کے مقصد سے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلایا جارہا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ دونوں کے درمیان یہ محض ہنسی مذاق کا معاملہ تھا اور اس واقعے کی کوئی دوسری تشریح نہیں کی جانی چاہیے۔بروے نے ناگپور کے بعض کانگریسی کارکنوں کی جانب سے پارٹی قیادت کو مبینہ طور پر بھیجے گئے ایک ای میل کو بھی فرضی قرار دیا، جس میں اس واقعے پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔
دوسری جانب پرتیبھا دھنورکر نے بھی کسی غلط بات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور بعض دیگر خاتون رہنما بروے کی ازدواجی حیثیت کے بارے میں ان سے مذاق کررہی تھیں، جس پر انہوں نے بھی مذاق میں تھپڑ مار دیا۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ محض ہلکے پھلکے مذاق اور خوش گوار گفتگو کا حصہ تھا۔