آدھار سے چھیڑچھاڑ، عرفان سولنکی کی درخواست ضمانت مسترد
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے فضائی سفر کے لئے آدھار کارڈ سے مبینہ چھیڑچھاڑ کے کیس میں سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی کی درخواست ِ ضمانت مسترد کردی۔

پریاگ راج: الٰہ آباد ہائی کورٹ نے فضائی سفر کے لئے آدھار کارڈ سے مبینہ چھیڑچھاڑ کے کیس میں سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی کی درخواست ِ ضمانت مسترد کردی۔
حلقہ شیش مؤ کے رکن اسمبلی فی الحال مہاراج گنج جیل میں بند ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی 2 فوجداری کیسس میں مطلوب ہیں اور گرفتاری سے بچنے کے لئے انہوں نے دہلی تا ممبئی کا فضائی سفر ایک ایسے آدھار کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے کیا تھا جس سے چھیڑچھاڑ کی گئی تھی۔
عرفان سولنکی‘ کانپور نگر ضلع جج کی طرف سے 21 دسمبر 2022کو اپنی درخواست ِ ضمانت مسترد ہونے پر ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔
ضلع کانپور کے گوال ٹولی پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔
الزام ہے کہ انہوں نے جو آدھار کارڈ استعمال کیا اس پر تصویر تو ان کی ہی تھی لیکن نام اشرف علی لکھا ہوا تھا۔ پولیس نے فیک آئی ڈی کارڈ بنانے میں استعمال کمپیوٹر اور پرنٹر ضبط کرلیا۔