مشرق وسطیٰ

عباس عراقچی دوبارہ پاکستان آئیں گے، ایران-امریکہ مذاکرات کی امید

باخبر ذرائع نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ اگر عراقچی ثالثوں سے مشاورت کے بعد کسی ممکنہ معاہدے پر پہنچتے ہیں تو آئندہ دنوں میں ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد: عباس عراقچی مسقط کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ پاکستان آئیں گے تاکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔


ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے غیر ملکی دورے کے اگلے مرحلے روس روانگی سے قبل ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کریں گے۔


رپورٹ کے مطابق ان کے وفد کے بعض ارکان مشاورت کے لیے تہران واپس گئے ہیں اور اتوار کی رات اسلام آباد میں دوبارہ ان کے ساتھ شامل ہو جائیں گے۔


باخبر ذرائع نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ اگر عراقچی ثالثوں سے مشاورت کے بعد کسی ممکنہ معاہدے پر پہنچتے ہیں تو آئندہ دنوں میں ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے۔


عباس عراقچی نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران شہباز شریف، اسحاق ڈار اور عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


بعد ازاں مسقط پہنچ کر انہوں نے کہا کہ ایران یہ دیکھنے کا منتظر ہے کہ آیا امریکہ جنگ کے سفارتی حل کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں۔


دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خصوصی مندوبین اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کا دورہ اسلام آباد منسوخ کر دیا۔


ٹرمپ کے مطابق اگر ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے تو اسے براہِ راست رابطہ کرنا ہوگا اور غیر ضروری سفری سرگرمیوں سے گریز کیا جائے گا۔