مہاراشٹرا

فوڈ پیکٹس پر تاریخیں بدلنے کا الزام، 5.75 کروڑ کا مال ضبط

ضبط کی گئی اشیاء میں Lays، Kurkure، Bingo، Fun Flips، Maggi، Rasoi، Knorr، Hellmann’s، Thums Up اور Limca سمیت مختلف معروف برانڈز کی مصنوعات شامل ہیں۔ یہ اسٹاک تقریباً 10 کمپنیوں سے منسلک بتایا گیا ہے۔

ممبئی : نوی ممبئی میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) اور نوی ممبئی کرائم برانچ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 5.75 کروڑ روپے مالیت کی 4,142 کارٹن اشیائے خوردونوش ضبط کرلیے۔ حکام کے مطابق پیکٹوں پر درج مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری یا استعمال کی آخری تاریخوں کو مٹا کر ان کی جگہ نئی تاریخیں لگائی گئی تھیں۔

یہ کارروائی تربھے کے TTC انڈسٹریل ایریا میں واقع سادھنا انٹرپرائزز کے احاطے میں کی گئی۔ چھاپے کے دوران حکام نے پایا کہ مختلف فوڈ مصنوعات کی مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری/یوز بائی تاریخوں میں مبینہ طور پر ردوبدل کیا گیا تھا۔

حکام کو ایسے نئے اسٹیکرز بھی ملے جن پر اجزاء (Ingredients) اور غذائی معلومات (Nutritional Information) درج تھیں، تاہم ان میں بھی مبینہ طور پر تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

ضبط کی گئی اشیاء میں Lays، Kurkure، Bingo، Fun Flips، Maggi، Rasoi، Knorr، Hellmann’s، Thums Up اور Limca سمیت مختلف معروف برانڈز کی مصنوعات شامل ہیں۔ یہ اسٹاک تقریباً 10 کمپنیوں سے منسلک بتایا گیا ہے۔

پولیس نے مزید 30,600 روپے مالیت کی بغیر لیبل والی اور زائد المیعاد غذائی اشیاء بھی ضبط کی ہیں۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ پیکیجنگ کی نقل تیار کرکے مصنوعات کو دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

اس معاملے میں تربھے پولیس اسٹیشن میں FSSAI ایکٹ 2006 اور بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) 2023 کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ حکام نے سادھنا انٹرپرائزز کا فوڈ لائسنس معطل کرنے کی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔