بین الاقوامی

امریکہ نے ایران پر بمباری بڑھادی، تہران نے بحرین اور کویت کو نشانہ بنایا۔ عمان کے قریب جہاز میں آگ لگ گئی

امریکہ نے اپنے ایک اور فوجی کی ہلاکت کا اعلان کرنے کے بعد پیر کی صبح ایران پر تازہ حملے کئے۔ اس نے ایک شمال مغربی شہر کے اطراف حملے کئے جہاں سمجھا جاتا ہے کہ زیرزمین مزائل اڈے موجود ہیں۔

دُبئی (اے پی) امریکہ نے اپنے ایک اور فوجی کی ہلاکت کا اعلان کرنے کے بعد پیر کی صبح ایران پر تازہ حملے کئے۔ اس نے ایک شمال مغربی شہر کے اطراف حملے کئے جہاں سمجھا جاتا ہے کہ زیرزمین مزائل اڈے موجود ہیں۔ ایران نے بحرین اور کویت کو نشانہ بناتے ہوئے اس کا جواب دیا۔ بحرین میں امریکہ کا پانچواں بحری بیڑہ موجود ہے۔

تازہ حملے پھر بتاتے ہیں کہ امریکہ اور ایران مکمل جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ دونوں طرف سے سیویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا جس پر لاکھوں کی آبادی کا انحصار ہوتا ہے۔ پیر کے دن برینٹ کروڈ کے دام بڑھ کر فی بیارل 90 امریکی ڈالر سے ہوگئے۔ عالمی توانائی بحران کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔

امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس کا ایک فوجی ہفتہ کے دن عراق میں اس وقت ہلاک ہوا جب ایک مارگرائے گئے ایرانی ڈرون کو ناکارہ کیاجارہاتھا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے آج رات ایرانیوں پر پھر شدید حملہ کیا۔ امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ اس نے ایرانی ملٹری کمانڈ سنٹرس‘ ایرڈیفنس اور کوسٹل سرویلانس سائٹس کو نشانہ بنایا۔ مزائل / ڈرون لانچ سائٹس اور کمیونیکیشن نیٹ ورک بھی حملہ کی زد میں آیا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں تبریز کے قریب ایک شخص کی جان گئی۔ یہ شمال مغربی شہر دارالحکومت تہران سے تقریباً 520 کیلو میٹر(320 میل) دور واقع ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ تبریز میں زیرزمین مزائل اڈے ہیں جنہیں ایرانی پاسداران ِ انقلاب چلاتے ہیں۔

امریکی حملوں میں امکان ہے کہ بندر امام خمینی (پورٹ) بھی نشانہ بنا ہوگا۔ پیر کی صبح آبنائے ہرمز میں ساحل عمان کے قریب ایک جہاز میں آگ لگ گئی۔ برطانوی فوج نے یہ بات بتائی۔ یہ واضح نہیں کہ آگ کیسے لگی۔ تہران نے سارے مشرق ِ وسطیٰ میں امریکہ کے حلیف ممالک کو نشانہ بنایا ہے۔

بحرین میں آج صبح مزائل الرٹ سائرن بج اٹھے جبکہ کویت کا کہنا ہے کہ اس کے ایرڈیفنس نے ایران کی طرف سے آنے والی فائر کو روکا۔ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کی گرفت کمزور کرنے کے لئے تہران کو مجبور کرنے برقی اسٹیشنوں اور پلوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میڈیا سے کہا کہ امریکہ ابھی بھی ایران سے بات چیت چاہتا ہے۔ ایرانی حکام نے اتوار کے دن کہا تھا کہ امریکہ کے تازہ حملوں میں کم ازکم 50 افراد ہلاک اور 517 زخمی ہوئے۔یو این آئی کے بموجب ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اردن کے عقبہ ایر پورٹ پر موجود امریکی فوج کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں اور پی8 نگرانی طیاروں کو بیالسٹک مزائل حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں متعدد طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔

ایرانی نشریاتی ادارہ کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ اردن کے موفق السلطی (الازرق) ایر بیس پر امریکی افواج کے زیرِ استعمال 20 ہینگرس تباہ کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ اس نے کویت کے علی السالم ایر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ڈرون حملہ میں ایک ابتدائی انتباہی راڈار نظام تباہ ہوگیا جبکہ علیحدہ حملوں میں فضائی ساز و سامان کے گودام اور MQ-9 ڈرونس کے ہینگر کو نشانہ بنایا گیا جس سے کئی طیاروں میں آگ لگ گئی۔ ادھر ایرانی خبر رساں ادارہ تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمز میں 2 آئیل ٹینکر دھماکوں کے باعث رک گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز امریکی دباؤ کے تحت اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ جب تک خطہ میں امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آبنائے ہرمز تیل‘ گیس یا دیگر تجارتی سامان کی محفوظ ترسیل کے لیے غیر محفوظ رہے گی۔ ایرانی خبر رساں ادارہ کے مطابق ایران کے مغربی صوبہ کرمان شاہ کے شہر اسلام آبادِ غرب کے قریب ایک MQ-9 ڈرون کو مار گرایا گیا۔رپورٹ کے مطابق ڈرون کو آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کی مدد سے نشانہ بنایا۔