امریکی ریاست کیلیفورنیا کے مندر پر مخالف مودی نعرے
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک مشہور مندر پر خالصتان نواز عناصر نے مخالف مودی نعرے تحریر کردیئے جس سے ہندو برادری کو بڑا دھکا لگا۔
نیویارک: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک مشہور مندر پر خالصتان نواز عناصر نے مخالف مودی نعرے تحریر کردیئے جس سے ہندو برادری کو بڑا دھکا لگا۔
نیوارک بے ایریا کے سوامی نارائن مندر کی دیواروں پر اسپرے پینٹ سے جمعہ کے دن نریندر مودی کے خلاف اور خالصتانی رہنما جرنیل سنگھ بھنڈراں والے کی ستائش میں نعرے لکھے گئے۔
مندر کمیٹی کے ایک رکن چنتن پانڈیا نے سی بی ایس نیوز سے کہا کہ کل رات جو ہوا وہ ہندوستانی برادری کے خلاف تشدد اور توڑپھوڑ کی واضح مثال ہے۔ یہ واقعہ ہمارے لئے پریشان کن ہے کیونکہ 2سال قبل کھلے اس مندر میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔
امریکی ایڈوکیسی تنظیم کولیشن آف ہندوس آف نارتھ امریکہ (کوہنا) نے کہا کہ خطہ میں بڑھتے ہندو فوبیا سے نمٹنے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ ہم افسردہ ہیں۔ حکام‘ میڈیا اور دیگر گروپس خطہ میں بڑھتے ہندو فوبیا کو اکثر نظرانداز کررہے ہیں یا اسے اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔
ہندو امریکن فاؤنڈیشن کے شریک بانی میہر میگھنانی نے کہا کہ نعرے تحریر کرنے والے علیحدہ ریاست خالصتان کے حامی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں بیشتر امریکی‘ بیشتر ہندوستانی اور بیشتر ہندوعلیحدہ ریاست خالصتان کے حامی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے ایریا میں ہندوستانی امریکیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور یہ سیاسی مسائل یہاں پھوٹ ڈال رہے ہیں۔