کھیل

محمد سراج کے علاوہ یہ کرکٹرز بھی سرکاری عہدوں پر فائز ہوئے

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج کو تلنگانہ حکومت نے ڈی ایس پی کے عہدہ پر تعینات کیاہے۔ انہیں یہ اعزاز ان کی کرکٹ میں شاندار کامیابیوں پر دیا گیاہے۔

حیدرآباد (اسپورٹس ڈسک) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج کو تلنگانہ حکومت نے ڈی ایس پی کے عہدہ پر تعینات کیاہے۔ انہیں یہ اعزاز ان کی کرکٹ میں شاندار کامیابیوں پر دیا گیاہے۔

متعلقہ خبریں
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان، محمد سمیع کی واپسی میں مزید تاخیر
فلم ”گیم چینجر“کے اضافی شوز اور ٹکٹ قیمتوں میں اضافہ کی اجازت سے حکومت دستبردار، احکام جاری
پرجاوانی پروگرام کی تاریخ تبدیل
سلائی مشینوں کی تقسیم، اہل عیسائی خواتین سے درخواستیں مطلوب
حکومت تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے پر عزم: سریدھر بابو

سراج اب پولیس کی اس ذمہ داری کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلتے رہیں گے۔ محمد سراج سے پہلے بھی کئی کرکٹرس کو مختلف سرکاری عہدوں پر فائز کیاگیا تھا۔ سچن ٹنڈولکر 2010 سے ہندوستانی فضائیہ میں گروپ کیپٹن کے اعزازی عہدہ پر فائز ہیں۔ وہ بغیر کسی ہوا بازی کے تجربے کے یہ عہدہ حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔

انہوں نے فضائیہ کے کئی پروگراموں میں حصہ بھی لیا۔ ان کے علاوہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی 2011 سے ہندوستانی فوج میں لفٹیننٹ کرنل کے اعزازی عہدے پر فائز ہیں۔ دھونی نے کشمیر میں فوج کے ساتھ تربیت بھی کی ہے جس سے ان کی حب الوطنی اور فوج سے محبت کا پتہ چلتا ہے۔

اسی طرح 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ہیرو جوگندر شرما اب ہریانہ پولیس میں بطور ڈی ایس پی کام کررہے ہیں۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے پولیس کی نوکری مکمل طورپر سنبھال لی ہے۔ ہندوستانی بلے باز کے ایل راہول 2018 سے ریزرو بینک آف انڈیا میں اسسٹنٹ منیجر کے طورپر کام کررہے ہیں۔

کے ایل راہول نے اس نوکری کیلئے کھیلوں کے کوٹے کا فائدہ اٹھایا اور آر بی آئی کیلئے بہت سی بیداری مہم بھی چلائی۔ ٹیم انڈیا کے لیگ اسپنر یوزویندر چہل ہریانہ میں انکم ٹیکس آفیسر کے طورپر کام کررہے ہیں۔

چہل نے یہ سرکاری نوکری کھیلوں کے بعد اپنے کیریر کو محفوظ بنانے کیلئے لی ہے جبکہ وہ اب بھی کرکٹ میں سرگرم ہیں۔واضح رہے کہ محمد سراج نے کل ڈی جی پی تلنگانہ ڈاکٹر جتیندر کو رپورٹ کرنے کے بعد سرکاری طورپر ڈی ایس پی کے عہدہ کا جائزہ حاصل کیاتھا۔

قبل ازیں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے حیدرآبادی کرکٹر کو گروپ I کے باوقار عہدہ پر فائز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا تھاکہ ان کی حکومت، مستقبل کے ستاروں کو پروان چڑھانے کے منصوبہ کے تحت کھیلوں اور اتھلیٹس کی حمایت و حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔اس سے قبل خاتون باکسر نکہت زرین کو بھی عہدے سے نوازاگیاتھا۔