دہلی

مسلح افواج، ایک کمانڈ کے تحت آکر رہیں گی: جنرل دیویدی

فوجی سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی نے جمعہ کے دن زور دے کر کہا کہ تھیٹرائزیشن (فوج‘ فضائیہ اور بحریہ کی صلاحیتوں کو یکجا کرنا) یقینا ہوکر رہے گی۔ سوال یہ ہے کہ اس میں کتنا وقت لگے گا۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) فوجی سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی نے جمعہ کے دن زور دے کر کہا کہ تھیٹرائزیشن (فوج‘ فضائیہ اور بحریہ کی صلاحیتوں کو یکجا کرنا) یقینا ہوکر رہے گی۔ سوال یہ ہے کہ اس میں کتنا وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کئی ایجنسیوں سے کام لینا ہے تو اس کا جواب تھیٹرائزیشن ہے۔ وہ نئی دہلی کے مانک شاہ سنٹر میں آپریشن سندور کے عنوان سے ایک کتاب کی رسم اجراء کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ان سے تھیٹرائزیشن کے بارے میں پوچھا گیا تھا جس کے تعلق سے حال میں متضاد آراء سامنے آئی تھیں۔

فوجی سربراہ نے کہا کہ یہ آج یا کل ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے۔ ہم جب جنگ لڑتے ہیں تو صرف فوج نہیں لڑتی بلکہ بارڈر سیکوریٹی فورس اور انڈوتبتن بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) بھی ساتھ ہوتی ہے۔ بری فوج‘ فضائیہ اور بحریہ کے علاوہ ڈیفنس سائبر ایجنسیاں اور ڈیفنس اسپیس ایجنسیاں بھی ساتھ موجود ہوتی ہیں۔

ان کے علاوہ اِسرو‘ سیول ڈیفنس‘ شہری ہوابازی‘ریلویز‘ این سی سی‘ ریاستی اور مرکزی نظم ونسق بھی ہوتے ہیں۔ اتنی ساری ایجنسیوں سے جب نمٹنا ہو تو تھیٹرائزیشن اس کا جواب ہے کیونکہ کمانڈ یونٹی کی زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔ آپ کو تال میل کے لئے واحد کمانڈر کی ضرورت پڑتی ہے۔

تھیٹرائزیشن بالکل ضروری ہے۔ تقریباً 2 ہفتے قبل فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں نے بھی اس تعلق سے اپنی رائے دی تھی۔ انہوں نے متضاد رائے دی تھی۔