دہلی

عازمین حج 2025 کیلئے حج منزل میں میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اہتمام:کوثر جہاں

حج بیت اللہ 2025 کے منتخب عازمین حج کو میڈیکل سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے ترکمان گیٹ پر واقع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں آئندہ14 اکتوبر سے حکومت دہلی کے محکمہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلت سروس کے ڈاکٹروں کی دو ٹیمیں اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کر دیں گی

نئی دہلی۔ (یو این آئی) حج بیت اللہ 2025 کے منتخب عازمین حج کو میڈیکل سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے ترکمان گیٹ پر واقع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں آئندہ14 اکتوبر سے حکومت دہلی کے محکمہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلت سروس کے ڈاکٹروں کی دو ٹیمیں اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کر دیں گی اور یہ خدمات صبح 9 بجے سے شام 3 بجے پورے ہفتہ پیر کے روز سے اتوار کے روز تک جاری رہینگی۔

اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے کہا کہ عازمین حج کو سہولیات فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔ انہوں نے تمام منتخب عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد تمام کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے بعد حج منزل میں اپنے ضروری کاغذات جمع کرا دیں۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے اکزیکٹیوآفیسر اشفاق احمد عارفی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 7 اکتوبر کو وزارت اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کمپیوٹر کے ذریعہ خودکار طریقہ سے دہلی کے کل 2690 عازمین حج کے انتخاب کے بعد اب تمام عازمین حج کو 21 اکتوبر تک حج کمیٹی آف انڈیا کے بینک کھاتے میں حج اخراجات کی پہلی قسط 130300 روپے جمع کرانے کے بعد 23 اکتوبر تک اپنے مطلوبہ دستاویزات اور کسی سرکاری میڈیکل آفیسر/ سرکاری ڈاکٹر کے دستخط سے جاری کردہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج کمیٹی میں جمع کرنا لازمی ہے۔