دہلی

اروندکجریوال اور ہیمنت سورین کو فوری رہاکیاجائے: پرینکا گاندھی (ویڈیو)

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں ریالی میں اتوار کے دن انڈیا بلاک کی طرف سے 5مطالبات رکھے جن میں چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال اور سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین کی فوری رہائی شامل ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں ریالی میں اتوار کے دن انڈیا بلاک کی طرف سے 5مطالبات رکھے جن میں چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال اور سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین کی فوری رہائی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں
کجریوال کی عدالتی تحویل میں توسیع
الیکٹورل بانڈس ایک تجربہ، وقت ہی بتائے گا کس قدر فائدہ مندہے: جنرل سکریٹری آر ایس ایس
ہیمنت سورین کی درخواست ضمانت‘ ای ڈی سے جواب طلب
تلنگانہ میں کانگریس کو 10 نشستیں ملیں گی، چیف منسٹر پرامید
شاہ رخ خان کی فلم جوان ستمبر میں ریلیز ہوگی

انہوں نے انتخابی عمل میں مقابلہ کا مساوی میدان فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردینے کیلئے یہ مطالبات رکھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئیے کہ وہ منصفانہ وغیرجانبدارانہ انتخابی ماحول یقینی بنائے جو کسی بھی قسم کی مداخلت اور اثرورسوخ سے پاک ہو۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) اور سنٹرل بیوروآف انوسٹی گیشن(سی بی آئی) جیسی ایجنسیوں کی سیاسی محرکہ تحریکات پر روک لگائے۔ کانگریس قائد نے مطالبہ کیاکہ اپوزیشن قائدین اروندکجریوال اور ہیمنت سورین کوفوری رہاکیاجائے تاکہ انتخابی عمل میں ان کا حصہ لینا یقینی ہو۔

ریالی سے خطاب میں پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے نے زوردے کرکہا کہ آج کا اجتماع کثرت میں وحدت کی عکاسی کرتا ہے۔ لوک تنتربچاؤ مہاریالی سے خطاب میں کانگریس قائد راہول گاندھی نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہئ تنقید بنایا انہوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی حکومت‘ میاچ فکسنگ کا کھیل رہی ہے۔ جہاں امپائر چنے جاتے ہیں‘ کھلاڑی خریدے جاتے ہیں اور کپتان دھمکائے جاتے ہیں۔

کانگریس قائد نے اپوزیشن کو درپیش چالیجنس کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بیجااستعمال‘میاچ فکسنگ‘ سوشیل میڈیا دھاندلی اور صحافت پردباؤ ڈالے بغیر بی جے پی 180 سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی امید نہیں کرسکتی۔

انڈیا بلاک میں شامل عام آدمی پارٹی کی جانب سے منعقدہ ریالی میں سونیاگاندھی‘ راہول گاندھی‘ اُدھوٹھاکرے‘ شردپوار‘ سیتارام یچوری‘ بھگونت مان‘ کلپنا سورین‘ اکھلیش یادو‘ فاروق عبداللہ‘ محبوبہ مفتی‘ تیجسوی یادو اور گوپال رائے نے شرکت کی۔ ریالی سے خطاب میں سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی 400پار کا نعرہ لگارہی ہے۔

اگر اسے 400 سے زائد نشستیں ملنے کی توقع ہے تو پھر وہ عام آدمی پارٹی قائد کے تعلق سے اندیشہ مند کیوں ہے۔ بی جے پی نے منتخبہ چیف منسٹروں کو جیل میں ڈال دیا جس پر نہ صرف اندرون ملک بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی تنقید ہوئی ہے۔

چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال اور سابق چیف منسٹر جھارکھنڈہیمنت سورین سے اظہاریگانگت کیلئے انڈیابلاک کے سرکردہ قائدین آج ریالی میں اکٹھا ہوئے۔ چیف منسٹراروندکجریوال کی بیوی سنیتا کجریوال اور جے ایم ایم قائد ہیمنت سورین کی بیوی کلپناسورین نے بھی ریالی سے خطاب کیا۔ عام آدمی پارٹی کے ریاستی کنوینرگوپال رائے نے کہا کہ رام لیلامیدان تاریخی میدان ہے جس نے کئی مرتبہ ملک کی تاریخ تبدیل کی۔

ملک میں جب بھی کوئی بحران پیدا ہوا تبدیلی کی آواز یہیں سے گونجی۔ اس لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی نے اگر جیت حاصل کی تو ملک کو سنگین نتائج کا سامناکرنا پڑے گا۔ ہم سب کے لئے کرو یا مرو کی صورتحال ہے۔ کام سے دوماہ کی چھٹی لے لیں اور سارا زور ہماری جمہوریت کو بچانے پرلگائیں۔ صدرپردیش کانگریس دہلی ارویندرسنگھ لولی نے کہا کہ یہ لوک سبھا الیکشن آنے والی نسلوں کا مستقبل طئے کرے گا۔

a3w
a3w