طویل عرصہ کے بعدپرجابھون میں عوامی دربار
پرجا دربار کے لئے حکومت کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے۔سی ایم اوکے اسپیشل سکریٹری شیشادری‘ ڈی جی پی روی گپتا اور دیگر عہدیداروں نے پرجادربار کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج پر جابھون میں عوامی دربار منعقد کیا۔آج صبح ریونت ریڈی اپنی ذاتی کار سے جوبلی ہلز کی رہائش گاہ سے پرجابھون پہنچے۔ان کے پرجا بھون پہنچنے کے بعدعوامی دربار کاآغاز ہوا۔ اس عوامی دربار میں چیف منسٹرکے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ‘ ریاستی وزراء نے حصہ لیا۔
چیف منسٹراور ان کے کابینی رفقاء نے عوام سے راست طورپر درخواستیں وصول کیں۔حکومت کی جانب سے عوامی دربار کے انعقاد کا اچھا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ریاست کے طول وعرض سے عوام کی بڑی تعداد پرجابھون پہنچی۔
بڑی تعدادمیں تحریری نمائندگیاں کی گئی۔ عوام کا احساس ہے کہ اپنے مسائل کوراست طورپرچیف منسٹر کے علم میں لانے سے مسئلہ کا حل دریافت ہوگا۔ عوامی دربار میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آئی اے این ایس کے مطابق تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے ایک دن بعد اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز پرجابھون (پرگتی بھون) میں منعقدہ عوامی دربار میں عوام کے مسائل کی سماعت کی اورشکایت پرمبنی نمائندگیاں وصول کیں۔
نگیش نامی ایک شہری جنہوں نے وظیفہ پیرانہ سالی اور امکنہ کی فراہمی کے لئے چیف منسٹر کواپنی درخواست پیش کی‘ نے میڈیا کے نمائندوں کوبتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کیونکہ طویل عرصہ کے بعد چیف منسٹر عوامی شکایتوں کی سماعت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ وائی ایس آر سرکا دوبارہ جنم ہوا ہے۔ وہ دراصل متحدہ ریاست کے سابق چیف منسٹر آنجہانی راج شیکھر ریڈی کا تذکرہ کررہے تھے۔ 10 سال قبل برقی شاک سے دونوں ہاتھوں اورپیرسے محروم نارائن ریڈی نے چیف منسٹر کو مصنوعی اعضاء فراہم کرنے کی تحریری درخواست پیش کی۔
پی ٹی آئی کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سکریٹریٹ روانگی کے بعد وزیر سیتا اکا نے عوام سے یاوداشتیں وصول کیں۔ پرجا دربار کے لئے حکومت کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے۔سی ایم اوکے اسپیشل سکریٹری شیشادری‘ ڈی جی پی روی گپتا اور دیگر عہدیداروں نے پرجادربار کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا۔
جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیاہے کہ شکایتوں کے اندراج کے لئے 15 ڈیسک قائم کئے گئے۔آن لائن درخواستوں کے رجسٹریشن کے لئے خصوصی میکا نزم وضع کیاگیا۔ہرایک درخواست کے اندراج کے بعد درخواست گزار کوایک یونیک آئی ڈی نمبرجزیشن ہوگا۔درخواست گزاروں کو تحریری اکنالجمنٹ جاری کیا جارہا ہے۔
ایس ایم ایس کے ذریعہ درخواست روانہ کی جاسکتی ہے۔پرجادربار میں عوام کو بیٹھنے کے لئے 320 نشستوں کا نظم کیاگیا۔قطار میں ٹھہرنے والے افراد کودھوپ سے بچانے کے لے چھت بھی تیار کی گئی ہے اوران افراد کے لئے پینے کے پانی کا بھی نظم کیاگیا۔