تلنگانہ میں بقرعید مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی
اس سلسلہ میں پولیس اور بلدی حکام کی جانب سے شہر کی مساجد اور عیدگاہوں کے علاوہ مختلف مقامات پر ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔

حیدرآباد: قربانی کی عید، عید الاضحی، جسے بقرعید بھی کہتے ہیں، جمعرات کو تلنگانہ بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
روایتی لباس میں ملبوس مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے حیدرآباد اور ریاست کے دیگر مقامات پر مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی خصوصی دعاؤں کے بعد اپنی اپنی استطاعت کے مطابق سنت ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانی دی۔
اس سلسلہ میں پولیس اور بلدی حکام کی جانب سے شہر کی مساجد اور عیدگاہوں کے علاوہ مختلف مقامات پر ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔
اس موقع پر تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تیلی سائی سوندرراجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے بھی ریاست کے مسلمانوں کو بقرعید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کا یہ تہوار ہمیں جذبہ ایثار کو پروان چڑھانے میں مدد دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بقر عید (عید الاضحٰی) کا تہوار دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ معاشرے کی بھلائی اسی وقت ممکن ہوگی جب لوگ عام بھلائی کے لئے قربانی دینے تیار ہوں گے اور قربانیاں تب ہی نمایاں ہوں گی جب اس کا فائدہ تمام لوگوں میں یکساں طور پر مشترک ہوگا۔
وزیر اعلیٰ جناب کے سی آر نے عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بقرعید کا تہوار لوگوں میں ایثار اور ایمان کی عظیم صفات کو ابھارتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام مذہبی عقائد اور روایات کا حکومت کی طرف سے یکساں احترام کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ ’’گنگا جمنی تہذیب‘‘ کی حفاظت کرتے ہوئے روحانی روایات کو جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ تمام برادریوں کے لوگ یہاں امن کے ساتھ مل جل کر رہیں۔
صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے اس عید پر ریاست میں امن و خوشحالی اور بھائی چارہ کے لئے دعا کی۔
بقرعید قربانی کا تہوار ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے بیٹے حضرت اسماعیلؑ کو اللہ کے حکم پر قربان کرنے کے لئے تیار ہوگئے تھے اور باپ بیٹے کی یہ فرماں برداری اللہ تعالیٰ کو اتنی پسند آئی کہ اللہ نے تاقیامت مسلمانوں کے لئے قربانی دینا فرض قرار دے دیا۔