آندھراپردیش

سابق فوجی نے ریوالور لہراتے ہوئے دہشت پیدا کردی

سابق فوجی پی موہن ریڈی فی الحال ایک گاؤں کی سکریٹریٹ میں کام کررہا ہے۔وہ ایک شادی شدہ خاتون کے گھر پہنچا جس کے ساتھ اُس کی دوستی ہوگئی تھی اور ریوالور لہراتے ہوئے دہشت پیدا کردی۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم کے ایک گاؤں میں ایک سابق فوجی نے ریوالور لہراتے ہوئے دہشت پیدا کردی۔ یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا تھا۔سابق فوجی پی موہن ریڈی فی الحال ایک گاؤں کی سکریٹریٹ میں کام کررہا ہے۔وہ ایک شادی شدہ خاتون کے گھر پہنچا جس کے ساتھ اُس کی دوستی ہوگئی تھی اور ریوالور لہراتے ہوئے دہشت پیدا کردی۔

بہرحال گاؤں والوں نے اس پر قابو پالیا، اُسے مارپیٹ کی اور ایک کھمبے سے باندھ دیا۔ پولیس فوری گاؤں پہنچ گئی اور اُسے گرفتار کرلیا۔کومرالو پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اُنہوں نے ریوالور ضبط کرلیا اور متاثرہ خاتون کی شکایت پر ایک کیس درج کرلیا ہے۔

موہن ریڈی جس کا کومرالو سے تعلق ہے، راجو پالیم ولیج سکریٹریٹ میں اسسٹنٹ کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔ ایک شادی شدہ خاتون سے اس کی دوستی ہوگئی تھی جو اختلافات کی وجہ سے اپنے شوہر سے علیحدہ رہ رہی تھی۔

حال ہی میں اس خاتون اور اس کے شوہر میں دوبارہ مفاہمت ہوگئی تھی اور وہ لوگ ایک ساتھ رہنے لگے تھے۔اس خاتون نے موہن ریڈی سے بات چیت بند کردی تھی۔

جس کے نتیجہ میں موہن اُس سے بغض رکھنے لگا اور اُس کے موبائیل فون پر قابل اعتراض پیامات بھیجنے لگا۔ اُس کے ارکان خاندان نے موہن کی سرزنش کی۔اس پر برہم موہن ریڈی کل رات دیر گئے گاؤں پہنچا اور اس خاتون کو ریوالور سے دھمکانے لگا۔

a3w
a3w