ایشیاء

بنگلہ دیش ٹریبونل میں شیخ حسینہ کے خلاف سماعت شروع

بنگلہ دیش کی انٹرنیشنل کرائمس ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے اتوار کے دن سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف کیس کی سماعت شروع کردی۔ معزول وزیراعظم پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ ان کے غیاب (غیرموجودگی) میں چل رہا ہے۔

ڈھاکہ (پی ٹی آئی) بنگلہ دیش کی انٹرنیشنل کرائمس ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے اتوار کے دن سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف کیس کی سماعت شروع کردی۔ معزول وزیراعظم پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ ان کے غیاب (غیرموجودگی) میں چل رہا  ہے۔

کیس 2024ء میں طلبہ کی زیرقیادت احتجاج کو پرتشدد طریقہ سے دبانے سے متعلق ہے۔ عبوری حکومت کے مقررہ چیف پراسکیوٹر تاج الاسلام نے ابتداء میں کہا کہ شیخ حسینہ تمام جرائم کا مرکز ہیں۔ انہیں زیادہ سے زیادہ سزا دی جانی چاہئے۔

استغاثہ نے شیخ حسینہ کے دو اعلیٰ مددگاروں سابق وزیرداخلہ اسد الزماں خان کمال اور سابق انسپکٹر جنرل پولیس چودھری عبداللہ المامون کو شریک ملزم قرار دیا۔ ٹریبونل نے شیخ حسینہ کے خلاف کئی الزامات کی سماعت شروع کردی ہے۔

شیخ حسینہ اور اسد الزماں خان کمال کے خلاف ان کے غیاب میں مقدمہ چل رہا ہے جبکہ چودھری عبداللہ المامون حراست میں ہے اور اس نے گواہ معافی یافتہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

شیخ حسینہ گزشتہ برس 5 اگست کو ہندوستان فرار ہوگئی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ اسد الزماں خان کمال نے بھی پڑوسی ملک میں پناہ لے رکھی ہے۔ محمد یونس کی عبوری حکومت نے ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش واپس بھیج دیا جائے لیکن ہندوستان نے ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔