بھارت

میرا امیج خراب کرنے بی جے پی کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے، راہول کا بڑا الزام

ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سارا پیسہ چند لوگوں کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔ تمام صنعتوں پر چند لوگوں کا غلبہ ہے۔

اندور: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ان کی امیج کو خراب کرنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ریجڈ (سخت) طریقے سے حکومت چلا رہے ہیں اور ملک کی آواز سننے کو تیار نہیں ہیں۔

راہول گاندھی آج اپنی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران اندور کے قریب برولی میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔

اس دوران انہوں نے یاترا کے دوران ان پر ذاتی حملوں کے بارے میں کہا کہ بی جے پی ان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے ہزاروں کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس سے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچ رہا ہے۔ بی جے پی اس کام میں جتنا زیادہ پیسہ لگا رہی ہے، اتنا ہی وہ (مسٹر گاندھی) مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے ان پر واضح ہوتا ہے کہ وہ صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔

ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سارا پیسہ چند لوگوں کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔ تمام صنعتوں پر چند لوگوں کا غلبہ ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کی بنیاد کے طور پر کام کرنے والے کسان کو مکمل طور پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہر جگہ پرائیویٹائزیشن کی وجہ سے حالات خراب ہو چکے ہیں۔ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتیں، جن میں ترقی کے امکانات ہیں، تباہ ہو چکے ہیں۔ آر ایس ایس اور بی جے پی ’ریجڈ‘ ہو کر ملک چلا رہے ہیں۔

حکومت بننے کی صورت میں کانگریس کی توجہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کی توجہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی طرف رہے گی۔ اپنی رائے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر اگر چاہے تو ان میں کام کر سکتا ہے، لیکن ان میں حکومت کو زیادہ سے زیادہ رقم لگانی چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد ملک کو اس کی اصل فطرت، ثقافت اور ڈی این اے کی یاد دلانا ہے۔ انہوں نے متعدد بار اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے دورے کو سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔