بی جے پی ارکان اسمبلی نے امبیڈکر کے مجسمہ کو گنگاجل سے دھویا
قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری کی قیادت میں بی جے پی ارکان ِ اسمبلی نے جمعہ کے دن مغربی بنگال اسمبلی کے احاطہ میں بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو گنگا جل سے دھویا۔

کولکتہ: قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری کی قیادت میں بی جے پی ارکان ِ اسمبلی نے جمعہ کے دن مغربی بنگال اسمبلی کے احاطہ میں بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو گنگا جل سے دھویا۔
ان کا یہ علامتی اقدام چیف منسٹر ممتا بنرجی کی قیادت میں 29 نومبر کو مجسمہ کے قریب ترنمول کانگریس ارکان ِ اسمبلی کے 2 روزہ دھرنا کے ردعمل کے طورپر تھا۔
ممتا بنرجی نے مرکزی فنڈس کی اجرائی میں مغربی بنگال سے مرکز کے جانبدارانہ سلوک کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ اسپیکر مغربی بنگال اسمبلی بمن بندھوپادھیائے نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ مارشل سے کہیں گے کہ وہ سویندو ادھیکاری سے پوچھیں کہ امبیڈکر کے مجسمہ کو گنگا جل سے دھونے کی وجہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جاننا چاہتا ہوں کہ یہ حرکت کیوں کی گئی۔ گزشتہ 2 دن سے ریاستی اسمبلی میں بی جے پی اور ٹی ایم سی ارکان ”چور چور“ کے نعرے لگارہے ہیں۔ ٹی ایم سی نے مجسمہ امبیڈکر کے قریب دھرنا دیا جبکہ بی جے پی نے اسمبلی ہال کے باب الداخلہ کے قریب احتجاج کیا۔
سویندو ادھیکاری نے کہا کہ لٹیروں اور جمہوریت کے قاتلوں کی جماعت کے ارکان ِ اسمبلی نے گزشتہ 2 دن سے دھرنا دے کر امبیڈکر کے مجسمہ کو داغدار کردیا۔
بی جے پی ارکان ِ اسمبلی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ اس مجسمہ کو گنگا کے پانی سے علامتی طورپر دھویا جائے۔ سویندو ادھیکاری کی قیادت میں بی جے پی کے 30 ارکان ِ اسمبلی نے باری باری امبیڈکر کے مجسمہ پر گنگاجل ڈالا۔ ٹی ایم سی کے ڈپٹی چیف وہپ تاپس رائے نے کہا کہ امبیڈکر کے مجسمہ کو دھوکر بی جے پی نے ملک میں دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات پر مظالم‘ دستور اور جمہوریت کے قتل کے اپنے گناہ دھوئے ہیں۔
بی جے پی والے اسپیکر سے اجازت لئے بغیر ایسا نہیں کرسکتے۔ ہم نے دھرنا دینے کے لئے اسپیکر سے پیشگی اجازت لی تھی۔