تلنگانہ

بی جے پی، تلنگانہ میں تمام اسکامس کی تحقیقات کرائے گی:کشن ریڈی

تلنگانہ بی جے پی کے صدرجی کشن ریڈی نے اعادہ کیا کہ تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے کے بعد ان کی پارٹی‘بی آر ایس حکومت کے تمام اسکامس کی عدالتی تحقیقات کرائے گی۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدرجی کشن ریڈی نے اعادہ کیا کہ تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے کے بعد ان کی پارٹی‘بی آر ایس حکومت کے تمام اسکامس کی عدالتی تحقیقات کرائے گی۔

کے سی آر کی زیرقیادت بی آر ایس حکومت کیخلاف کرپشن کے تمام الزامات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی زیر قیادت ایک کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ ہم یقینی طورپرچاہتے ہیں کہ خاطیوں کو سزا ملنی چاہئے کے سی آر خاندان کے افراد ہوں‘ بی آر ایس کے وزراء یا بی آر ایس کے ایم ایل ایز ہوں‘کسی کوبخشانہیں جائے گا۔ یہ تلنگانہ عوام کا مطالبہ بھی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آرایس نے اپنے 10 سالہ دور اقتدار کے دوران اسکامس کے ذریعہ ریاست کی معیشت کوتباہ کردیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کے سی آر حکومت کے خلاف طاقتور لہر چل رہی ہے۔حکومت کے خلاف عوام میں شدید غم وغصہ ہے۔

انہوں نے ادعا کیا کہ مواضعات میں عوام‘ رضاکارانہ طورپر بی آر ایس کی انتخابی مہم میں مصروف گاڑیوں کو روک رہے ہیں۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہاکہ ڈبل انجن کی سرکار کے ذریعہ سے تلنگانہ کی جامع ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی کوپسماندہ طبقات اور ایس سی طبقہ کی تائید حاصل ہے۔ ریاست میں برسراقتدارآنے کی صورت میں پارٹی نے بی سی قائد کوتلنگانہ کاچیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ ریڈی نے کہاکہ بی جے پی کے انتخابی منشورکاعوام نے خیرمقدم کیاہے اور پارٹی منشور کوعوام کے تمام طبقات کی تائید حاصل ہے۔

بی جے پی قائد نے مزید کہاکہ عوام‘ کانگریس کے فرضی گارنٹیز پر بھروسہ کرنے تیار نہیں ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس‘ہماچل پردیش اور کرناٹک میں انتخابی وعدوں کو روبعمل لانے میں ناکام رہی ہے۔

a3w
a3w