وقف بل‘ بی جے پی کا رویہ جناح کو بھی شرمندہ کر دے گا:اُدھو ٹھاکرے
لوک سبھا میں بل کی منظوری کے چند گھنٹوں بعد ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی نے مرکز میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کر لی ہے، اس کے باوجود وہ ہندو مسلم مسائل کو ہوا دے رہی ہے۔

ممبئی: شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے جمعرات کو کہا کہ ان کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی بل کے خلاف ووٹ دے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیرقیادت حکومت کی "زمین ہتھیانے اور اسے اپنے صنعتکار دوستوں کو دینے ” کی چال کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل پر بحث کے دوران بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے ظاہر کی گئی "تشویش” اتنی حیران کن تھی کہ وہ پاکستان کے بانی محمد علی جناح کو بھی شرمندہ کر سکتی ہے۔
لوک سبھا میں بل کی منظوری کے چند گھنٹوں بعد ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی نے مرکز میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کر لی ہے، اس کے باوجود وہ ہندو مسلم مسائل کو ہوا دے رہی ہے۔
انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی مسلمانوں کو پسند نہیں کرتی تو اپنی پارٹی کے جھنڈے سے سبز رنگ ہٹا دے۔ادھو ٹھاکرے نے کہا، "بی جے پی نے بل کی وکالت کرتے ہوئے مسلمانوں کو خوش کرنے والی تقریریں کیں، لیکن ساتھ ہی بل کے خلاف ووٹ دینے والوں کو نشانہ بنایا۔
اگر مسلمانوں کو مطمئن کرنا ہے تو پھر ہندوتوا کو کس نے چھوڑا؟ بی جے پی یا ہم جنہوں نے بل کی مخالفت کی؟ وہ ہم پر کیسے الزام لگا سکتے ہیں؟”انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی نے اس بل کے ذریعے بی جے پی کی "منافقت” اور "زمین پر قبضے کے ارادوں ” کی مخالفت کرنے کے لیے اس کے خلاف ووٹ دیا ہے۔