بارش سے متاثرہ علاقوں میں جمعیۃ علماء کی جانب سے راحت رسانی کا کام جاری
تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں ریاست کے تمام ذخائر آب مکمل ہو چکے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں ریاست کے تمام ذخائر آب مکمل ہو چکے ہیں۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے کھمم اور وجیواڑہ سمیت کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ طوفانی بارش اور سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہو گیا ہے، جس سے کئی افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر محترم حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ کی ہدایت پر جمعیۃ علماء ضلع پرکاشم اونگول کے صدر مولانا سید محمد رفیع قاسمی صاحب اور ان کی ٹیم راحت رسانی اور ریلیف کاموں میں مصروف ہیں۔
دفتر جمعیۃ علماء ضلع پرکاشم اونگول سے بارش سے متاثرہ لوگوں میں بلا تفریق مذہب و ملت کھانے کے پیکٹس، پانی کی بوتلیں، دودھ، بریڈ، بسکٹ، اور کپڑے تقسیم کیے گئے ہیں۔
اس وقت ان لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ابھی بھی کئی گھروں میں پانی بھرا ہوا ہے اور بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ پانی کے خشک ہونے کے بعد، جمعیۃ علماء آگے کا لائحہ عمل طے کرکے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی، ان شاء اللہ۔