بمراہ، آئی پی ایل 2023 سے بھی باہر
فٹنس مسائل سے دوچار جسپریت بمراہ آئی پی ایل 2023 سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی فٹنس کے حوالہ سے ایک اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔

ممبئی: فٹنس مسائل سے دوچار جسپریت بمراہ آئی پی ایل 2023 سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی فٹنس کے حوالہ سے ایک اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔
بمراہ طویل عرصے سے ایکشن سے باہر ہیں۔ وہ گزشتہ کئی مہینوں میں اہم سیریز اور ٹورنامنٹس سے محروم رہے ہیں جن میں 2022 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی شامل ہیں۔
لیکن ان کی کمر کی چوٹ ہمیشہ کی طرح سنگین نظر آتی ہے جس نے انہیں آئی پی ایل 2023 اور ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ سے بھی باہر کردیاہے۔ کرک بز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق بمراہ کو آئی پی ایل 2023 میں ممبئی انڈینز ٹیم کیلئے کھیلنے کا موقع ملنے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔
بمراہ آئی پی ایل سے پہلے پوری طرح فٹ نہیں ہو پائیں گے۔ خیال کیاجا رہا ہے کہ انہیں میدان میں واپس آنے میں کچھ اور وقت لگ سکتاہے۔ وہ اپنی چوٹ کی وجہ سے ابھی تک بے چینی محسوس کررہے ہیں۔ ایسے میں یہ قیاس کیاجا رہاہے کہ ممبئی انڈینز کو بمراہ کے بغیر آئی پی ایل 2023 میں میدان میں اترنا پڑسکتاہے۔
واضح رہے کہ کمر کی موجودہ چوٹ کی وجہ سے ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ جون میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کیلئے دستیاب بھی نہیں ہوں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ اس سال اکتوبر نومبر میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے ونڈے ورلڈکپ 2023 سے قبل بمراہ کو مکمل طورپر فٹ دیکھنا چاہتی ہے۔ ایسے میں اگر بمراہ کو ایشیا کپ سے محروم ہونا پڑے تب بھی ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ انہیں ونڈے ورلڈکپ کیلئے دستیاب کرانا چاہتی ہے۔