آندھراپردیش

اب گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ صرف مشینی جانچ کے بعد ہوگا

جس طرح انسان کی صحت کا اندازہ لگانے کے لیے مکمل جسمانی معائنہ کیا جاتا ہے اُسی طرز پر اب گاڑیوں کی فٹنس کی جانچ کے لیے بھی مکمل معیاری طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: جس طرح انسان کی صحت کا اندازہ لگانے کے لیے مکمل جسمانی معائنہ کیا جاتا ہے اُسی طرز پر اب گاڑیوں کی فٹنس کی جانچ کے لیے بھی مکمل معیاری طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔

آندھرا پردیش حکومت نے اب تک جاری مانیول جانچ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے آٹومیٹڈ ٹیسٹنگ اسٹیشنس (اے ٹی ایس) کا قیام عمل میں لایا ہے۔

ان جدید اسٹیشنس پر گاڑیوں کی فٹنس کی مشینی جانچ کی جائے گی، جہاں ہر پہلو جیسے بریک سسٹم، اسٹیئرنگ، لائٹس، ایکسل، شور کی سطح اور آلودگی کی پیمائش سمیت کئی اہم امورکا مکمل معائنہ ہوگا۔

صرف وہی گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ کی حقدار ہوں گی جنہیں جدید مشینیں مکمل طور پر درست اور سڑک کے قابل قرار دیں گی بصورت دیگر، فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔گاڑیوں کی منیول جانچ کے دوران انسانی غلطیوں کا امکان رہتا ہے جب کہ آٹومیٹڈ نظام نہایت درست اور غیر جانبدار نتائج فراہم کرتا ہے۔

ہر قسم کی گاڑی، جیسے کار، آٹو رکشا، بس اور ٹرک کے لیے علیحدہ مشینوں اور ٹریکس پر جانچ کی سہولت دستیاب ہوگی۔وہ گاڑیاں جو فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہوتی ہیں، ان کے مالکان کو ایک مکمل رپورٹ فراہم کی جائے گی جس میں خرابیوں کی تفصیل ہوگی تاکہ وہ مناسب مرمت کے بعد دوبارہ جانچ کروا سکیں۔

آندھرا پردیش حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سڑک حادثات میں کمی، مسافروں کی سلامتی، اور فضا میں آلودگی کم کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔آندھرا پردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں تمام اضلاع میں آٹومیٹڈ فٹنس ٹیسٹنگ اسٹشنس قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو یہ سہولت ان کی قریبی حدود میں ہی میسر آ سکے۔

حکومت جلد ہی ان اسٹیشنس کی مکمل فہرست، ان میں استعمال ہونے والی ٹکنالوجی، اور گاڑی مالکان کے لیے ضروری ہدایات پر مشتمل تفصیلی رہنمائی جاری کرے گی تاکہ ہر گاڑی بروقت اور درست فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکے۔