ہولی پرامن طریقے سے منائیں، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی: حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار
کمشنر پولیس نے کہا کہ کسی کی مرضی کے خلاف زبردستی رنگ لگانا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی مقامات، راہگیروں اور گاڑیوں پر رنگ پھینکنے کے عمل کو بھی سختی سے منع کیا۔
حیدرآباد : پولیس کمشنر وی سی سجنار، آئی پی ایس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں ہولی کا تہوار پرامن ماحول میں منائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دوسروں کو پریشان کرنے یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پیر کے روز پولیس کمشنر نے ٹی جی آئی سی سی سی میں پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ہولی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے Visible Policing کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلیو کولٹس اور پٹرولنگ اسٹاف شہر بھر میں مسلسل نگرانی رکھیں۔
کمشنر پولیس نے کہا کہ کسی کی مرضی کے خلاف زبردستی رنگ لگانا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی مقامات، راہگیروں اور گاڑیوں پر رنگ پھینکنے کے عمل کو بھی سختی سے منع کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کے لیے SHE Teams شہر بھر میں متحرک رہیں گی۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ کیمیائی رنگوں کے بجائے قدرتی رنگ استعمال کریں اور واضح کیا کہ ہولی کے موقع پر ڈی جیز کو کسی قسم کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نوجوان سڑکوں پر گروہوں کی شکل میں گھومتے ہوئے ہنگامہ آرائی کرتے پائے گئے تو ان کی گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔
رمضان المبارک کے پیش نظر پولیس کمشنر نے ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مسلم نمازوں میں کسی قسم کی خلل نہ پڑے۔ انہوں نے پولیس کو امن کمیٹیوں کے ساتھ تال میل کے ساتھ کام کرنے اور حساس علاقوں میں اضافی سیکیورٹی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ہولی کے موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کمشنریٹ حدود میں منگل (3 مارچ) کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک شراب کی دکانیں، تاڑی کے اڈے اور بار اینڈ ریسٹورنٹس بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہولی کے دوران ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سٹی پولیس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ شہر میں کہیں بھی امن و امان کا مسئلہ پیش آئے تو فوری طور پر Dial 100 پر اطلاع دیں۔ آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور تہوار خوش اسلوبی سے منائیں۔
اس اجلاس میں ایڈیشنل سی پی تفسیر اقبال، جوائنٹ سی پیز شویتا اور ایس ایم وجے کمار، ڈی سی پیز کھرے کرن پرابھاکر، روپیش، وینکٹا لکشمی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔