حیدرآباد سمیت تلنگانہ بھر میں رنگوں کا جشن، پولیس کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری
اس سے قبل پیر کی شب کئی مقامات پر ہولیکا دہن کی رسم ادا کی گئی، جہاں الاؤ روشن کر کے برائی کے خاتمہ کی علامت کے طور پر ہولیکا کا پتلا جلایا گیا۔ تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما اور وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ریاست کے عوام کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے امن، خوشحالی اور خوشیوں کی تمنا کی۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں منگل کو رنگوں کا تہوار ہولی روایتی جوش و خروش اور گہما گہمی کے ساتھ منایا گیا۔ دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد سمیت ریاست کے مختلف حصوں میں جشن منایا گیا۔
شہر کی گلیوں اور کوچوں میں نوجوانوں اور بچوں نے ایک دوسرے پر گلال ملا، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور جشن کے گیت گائے۔
اس سے قبل پیر کی شب کئی مقامات پر ہولیکا دہن کی رسم ادا کی گئی، جہاں الاؤ روشن کر کے برائی کے خاتمہ کی علامت کے طور پر ہولیکا کا پتلا جلایا گیا۔ تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما اور وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ریاست کے عوام کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے امن، خوشحالی اور خوشیوں کی تمنا کی۔
دوسری جانب، حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی سی سجنار نے شہریوں سے پرامن اور ذمہ دارانہ جشن منانے کی اپیل کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کسی پر زبردستی رنگ ڈالنے، راہگیروں یا گاڑیوں پر رنگ پھینکنے اور دوسروں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خواتین کے تحفظ کے لئے شہر بھر میں شی ٹیمس تعینات کی گئی ہیں۔
پولیس کمشنر نے قدرتی رنگوں کے استعمال کا مشورہ دیا اور واضح کیا کہ جشن کے دوران ڈی جے بجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ماہ رمضان کے پیشِ نظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کمشنر نے اپیل کی کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ نماز اور دیگر عبادات میں کوئی خلل نہ پڑے۔ انہوں نے نوجوانوں کو سڑکوں پر ہنگامہ آرائی سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سٹی پولیس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔