قومی

تاج محل کی سیکوریٹی کے لئے اینٹی ڈرون سسٹم نصب

تاج محل میں ایک اینٹی ڈرون سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ دنیا کی اس حیرت انگیز عمارت کے اطراف سیکوریٹی میں اضافہ کیا جاسکے۔

آگرہ (یوپی) (پی ٹی آئی) تاج محل میں ایک اینٹی ڈرون سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ دنیا کی اس حیرت انگیز عمارت کے اطراف سیکوریٹی میں اضافہ کیا جاسکے۔

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (تاج سیکوریٹی) سید اریب احمد نے بتایا کہ یہ سسٹم تاج محل کے احاطہ کے اندر نصب کیا گیا ہے اور ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے کسی بھی ڈرون طیارہ کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کے اطراف 500 میٹر کے دائرہ میں نگرانی جاری رہے گی۔

اس رینج میں داخل ہونے والے کسی بھی ڈرون کو فوری طورپر ناکارہ بنادیا جائے گا۔ اریب احمد نے بتایا کہ یہ سسٹم 8 کیلو میٹر کے دائرہ میں ڈرون کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے لیکن تاج محل کی سیکوریٹی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے صرف 500 میٹر کے دائرہ تک محدود رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم ڈرونس کو ناکارہ بنانے ریڈیو فریکوینسی اور جی پی ایس سگنل جامنگ ٹکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔ ڈرون کو گرائے جانے کے بعد ایک ریاپڈ ریسپانس ٹیم اس مقام پر پہنچے گی تاکہ اسے محفوظ رکھا جاسکے۔

یہ ٹیم اس شخص کا بھی پتہ چلائے گی جس نے ڈرون چلایا ہو۔ واضح رہے کہ اترپردیش پولیس ملک کی ان چند پولیس فورسس میں شامل ہے جو وی آئی پیز اور اہم تنصیبات کی سیکوریٹی کے لئے اینٹی ڈرون سسٹم کا استعمال کرتی ہیں۔