تلنگانہ میں مکانات کی تعمیر کیلئے مرکزکا گرین سگنل۔564 کروڑ روپے کی منظوری
تلنگانہ میں اپنا مکان حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاست میں مکانات کی تعمیر کے لئے فنڈس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے طویل عرصہ سے رکے ہوئے تعمیراتی کاموں کے دوبارہ شروع ہونے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں اپنا مکان حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاست میں مکانات کی تعمیر کے لئے فنڈس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے طویل عرصہ سے رکے ہوئے تعمیراتی کاموں کے دوبارہ شروع ہونے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔
مرکزی حکومت پی ایم آواس یوجنا کے تحت تلنگانہ میں مکمل شدہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے لئے اپنا حصہ جاری کرنے کے لیے تیار ہے۔ ریاستی حکومت ان فنڈس کو ان مکانات کی تکمیل کے لئے استعمال کرے گی جو بجٹ کی کمی کے باعث ادھورے رہ گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق مرکز نے 564 کروڑ روپے جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ حال ہی میں دہلی کا دورہ کرنے والے ریاستی حکام نے مرکزی اربن ہاؤسنگ حکام سے ملاقات کر کے بقایاجات کی فوری اجرائی کی درخواست کی تھی جس پر مثبت ردعمل سامنے آیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ میں 1.45 لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر شروع کی گئی تھی جن میں سے اب تک 60 ہزار مکانات مستحقین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ مزید 30 ہزار مکانات تقسیم کے لئے تیار ہیں جبکہ بقیہ مکانات مختلف مراحل میں زیرِ تعمیر ہیں۔
ماضی میں بی آر ایس حکومت کے دوران مستحقین کی تفصیلات مرکزی پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کے طریقہ کار میں فرق کی وجہ سے یہ فنڈس رکے ہوئے تھے لیکن موجودہ حکومت کی جانب سے تفصیلات فراہم کرنے کے بعد مرکز نے فنڈس کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے علاوہ مرکزی حکومت اندرماہاؤسنگ اسکیم کے لئے بھی اپنا حصہ فراہم کر رہی ہے۔ ان فنڈس کی اجرائی سے ریاست میں مکانات کی تعمیر کی رفتار تیز ہوگی اور وہ لوگ جن کے پاس مکان نہیں ہے انہیں جلد ہی چھت میسر ہو سکے گی۔