تلنگانہ

مرکز، تلنگانہ کی اندھی مخالفت بند کرے: تارک راما راؤ، جمعہ کو ریاست گیر احتجاج

انہوں نے پارٹی لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ کل تمام ضلعی مستقروں میں دھرنادیں کیونکہ مرکزی حکومت کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے اور ریاست کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کر رہی ہے۔

حیدرآباد: بی آر ایس پارٹی کے کارگزار صدر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ کسانوں کی جانب سے طمانیت روزگار اسکیم کے حصہ کے طورپر بنائے گئے فصلوں کو خشک کرنے والے شیڈس کے خلاف سازش کر رہی ہے۔

انہوں نے پارٹی لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ کل تمام ضلعی مستقروں میں دھرنادیں کیونکہ مرکزی حکومت کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے اور ریاست کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کر رہی ہے۔

وزیر موصوف نے یاد دلایا کہ تلنگانہ حکومت نے پہلے ہی کئی مرتبہ روزگار طمانیت اسکیم کو زرعی پروگراموں سے جوڑنے کی اپیل کی ہے۔

مرکزی حکومت کو وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھی کئی مرتبہ مکتوبات تحریر کئے۔ اس خصوص میں پارٹی کی جانب سے بھی قراردادیں منظور کرکے مرکز کو روانہ کی گئیں۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ کے مشکل دور کے بعد دیہاتوں میں روزگار کے مواقع کم ہوئے ہیں اور دیہی معاشی نظام بحران کا شکار ہو گیا ہے، لیکن مرکز روزگار کی ضمانت کے لئے فنڈز میں کمی کر رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کی اندھی مخالفت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے تلنگانہ کے کسانوں کو کچھ نہیں مل رہا ہے۔ مودی حکومت تلنگانہ کے ساتھ مسلسل امتیازی سلوک کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے میدان میں تلنگانہ ملک کی ایک مثالی ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے خلاف مرکزی حکومت کے امتیازی رویہ کی مخالفت میں تمام ضلع مستقروں میں دھرنا پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے تلنگانہ کے کسانوں سے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر ان پروگراموں میں حصہ لیں۔

a3w
a3w