حیدرآباد

کے سی آر تیسری مرتبہ چیف منسٹر بننے کے امکانات روشن : صدر مجلس

اسد الدین اویسی نے کہاکہ مجلس اتحاد المسلمین کی تائید سے کے چندرشیکھر راؤ کے تیسری مرتبہ چیف منسٹر بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جب کہ مخالفین مجلس میں ایک ڈر سا پیدا ہوگیا ہے۔

حیدرآباد۔: صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ مجلس اتحاد المسلمین کی تائید سے کے چندرشیکھر راؤ کے تیسری مرتبہ چیف منسٹر بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جب کہ مخالفین مجلس میں ایک ڈر سا پیدا ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں
اڈوانی کو تشدد میں ہلاک ہونے والے ہندوستانیوں کی قبروں کے سہارے ایوارڈ کا حصول: اویسی
دھان کی خریداری میں دھاندلیوں کی سی بی آئی جانچ کروائے گی:بی جے پی
مودی اور کے سی آر پر مذہب اور ذات کی سیاست کا الزام
دونوں جماعتوں نے حیدرآباد کو لیز پر مجلس کے حوالے کردیا۔ وزیر اعظم کا الزام (ویڈیو)
طاہر حسین کی درخواست عبوری ضمانت کی 28 جنوری کو سماعت

بیرسٹر اسد الدین اویسی کوکٹ پلی حلقہ اسمبلی کے اللہ پور میں جلسہ حالات حاضرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اعلامیہ سے قبل مخالفین مجلس یہ واویلا مچارہے تھے کہ بی آر ایس یا بی جے پی کو فائدہ پہنچانے مجلس تلنگانہ کے 30 حلقوں سے مقابلہ کرے گی اور جب مجلس نے بی آر ایس کی تائید کا اعلان کردیا تو یہ لوگ بوکھلا گئے اور پھر سے وہی راگ الاپنے لگ گئے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس مرتبہ ہم کو کٹھن مراحل سے گزرتے ہوئے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ اندرون پارٹی ہم پر زبردست دباؤ تھا کہ مختلف حلقوں سے مقابلہ کیا جائے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ مجلس سے کانگریس سوال کرتی ہے کہ وہ گوشہ محل سے مقابلہ کیوں نہیں کرتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ نظام آباد اربن میں مسلم ووٹرس کا تناسب 44% ہے جب کہ گوشہ محل میں صرف 27% ہی ہے۔ جب مجلس نظام آباد سے مقابلہ نہیں کررہی ہے تو وہ کیونکر گوشہ محل سے مقابلہ کرے۔ محدود نشستوں پر مقابلہ کی اصل وجہ یہ ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ آر ایس ایس کامیاب ہوجائے۔

انہوں نے ادعا کیا کہ کانگریس کے ریاستی صدر جن کو وہ آر ایس ایس انّا کا نام دئیے ہیں وہ دراصل آر ایس ایس سے وابستہ تھے اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے انہیں جی کشن ریڈی کے لئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ گاندھی بھون اب آر ایس ایس کے موہن بھگوت کے ریموٹ کنٹرول میں آگیا۔

انہوں نے کہا کہ تین برس قبل مودی نے ہمارے حلیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پہچاننے کی بات کی تھی ریونت ریڈی بھی انہی کے لہجہ میں بات کررہے ہیں۔

قبل ازیں صدر مجلس نے نامپلی حلقہ اسمبلی کے مختلف علاقہ جات ڈی کلاس‘ رام لیلا گراؤنڈ‘ شیواجی نگر‘ میسماں ٹمپل روڈ وغیرہ میں پیدل دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر مجلس کے امیدوار مسٹر ماجد حسین کے علاوہ پارٹی کے کارپوریٹرس‘ سابق کارپوریٹرس اور صدور ابتدائی موجود تھے۔