حیدرآباد

چیف منسٹر، حیدرآباد میں نظم و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ جمعیت العلماء کا مطالبہ

جمعیت العلماء اے پی اور تلنگانہ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی، کونسل اور کارپوریٹرس کو کانگریس میں شامل کرانے کے بجائے شہر حیدر آباد میں نظم و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہیے۔

حیدر آباد: جمعیت العلماء اے پی اور تلنگانہ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی، کونسل اور کارپوریٹرس کو کانگریس میں شامل کرانے کے بجائے شہر حیدر آباد میں نظم و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہیے۔

متعلقہ خبریں
کانگریس حکومت کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف کو غلاف مبارک روانہ
راجیہ سبھا کی مخلوعہ نشست کیلئے ہنمنت راؤ دعویدار
10سال سے ملک کی آواز ہم نے نہیں آپ نے سلب کر رکھی تھی، مودی پر کانگریس کا پلٹ وار
منی پور کا مسئلہ پارلیمنٹ میں پوری طاقت سے اٹھایا جائے گا: راہول گاندھی
ٹی سرینواس یادو کی کانگریس میں شمولیت کی قیاس آرائی

سکریٹری جمعیت العلماء تلنگانہ کمیٹی مفتی معراج الدین ابرار، میڈیا سکریٹری محمد عبید نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد شہر حیدر آباد میں قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو خاطیوں کے خلاف فوری کارروائی کرنا چاہیے۔ حکومت سے جرائم کے خاتمہ کے لئے پولیس میں علیحدہ شعبہ قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے شہر حیدر آباد کے عوام میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں قتل کے واقعات میں اضافہ ہونے سے ملک اور بیرون ممالک کے سرمایہ کار شہر میں سرمایہ کاری کے لئے نہیں آئیں گے جس سے تلنگانہ اور شہر حیدر آباد کی معیشت پر بُرا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ میں قتل کے 16 واقعات پیش آنے سے شہر کے عوام میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔

شہر میں ڈرگس کے استعمال اور قتل کے واقعات کو روکنے کے لئے پولیس میں ایک اسپیشل برانچ قائم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چند یوم میں ضمانت پر رہائی سے قتل کے ملزمین کو حوصلہ مل رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قتل کے ملزمین کے خلاف فاسٹ ٹراک عدالت میں مقدمہ چلاتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہونچائیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ طلبہ کو فوری مائناریٹی اوورسیز اسٹوڈنٹ لون جاری کریں۔ اس کے علاوہ حکومت کو اردو اکیڈیمی، حج کمیٹی، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو فوری فنڈس جاری کرنا چاہیے تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو اور سیلف ہیلپ گروپس کو قرض حاصل کرنے میں سہولت ہوسکے۔

حکومت کو بے روزگار اقلیتی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ا قلیتی مالیاتی کارپوریشن سے قرض فراہم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹمریز اسکول میں 25 ہزار مخلوعہ نشستوں پر اقلیتی طلبہ کو داخلہ دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت العلماء اے پی اور تلنگانہ کی جانب سے شہر کے مسلم علاقوں میں اصلاح معاشرہ سے متعلق شعوری پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام میں ایک شخص کے ناحق قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے برابر مانا گیا ہے۔

انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ پارٹی کے بااثر قائد کو وزیر داخلہ کا قلمدان حوالے کریں۔ اقلیتی بہبود کا قلمدان بھی چیف منسٹر کے پاس ہے۔ اس لئے انہیں وعدے کے لحاظ سے ہر 15یوم میں ایک جائزہ اجلاس رکھ کر اقلیتو ں کے مسائل حل تلاش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے اپنے مسائل حل کرنے کے لئے ووٹ دے کر کانگریس کو ا قتدار پر فائز کیا ہے۔ اب کانگریس اور چیف منسٹر کو ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت العلماء اے پی و تلنگانہ کے ایک وفد نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور شہر حیدر آباد میں نظم و ضبط کو قابو میں رکھنے کے لئے نمائندگی کی گئی تھی۔ اسی سلسلہ میں چیف منسٹر نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔

a3w
a3w