کرنسی نوٹ پر لکشمی اور گنیش کی تصویرچھاپنے کیجریوال کا مطالبہ
چیف منسٹر اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستانی کرنسی پر ایک طرف مہاتما گاندھی اور دوسری طرف لکشمی گنیش جی کی تصویر لگائی جائے۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستانی کرنسی پر ایک طرف مہاتما گاندھی اور دوسری طرف لکشمی گنیش جی کی تصویر لگائی جائے۔
کیجریوال نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستانی معیشت انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ دن بہ دن کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ ان سب چیزوں کا خمیازہ عام آدمی کو اٹھانا پڑتا ہے۔ آزادی کے 75 سال بعد بھی ہندوستان کو ترقی پذیر اور غریب ملک سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے۔ اس کے لیے بہت محنت اور کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بڑی تعداد میں سکول اور اسپتال کھولنے ہوں گے۔ ہمیں بہت بڑے پیمانے پر بجلی اور سڑک کا انفراسٹرکچر تیار کرنا ہے لیکن کوششیں تب ہی ثمر آور ہوتی ہیں جب ہمیں دیوی دیوتاؤں کا آشیرواد حاصل ہو۔
ہم کئی بار دیکھتے ہیں کہ کوششیں تو ہو رہی ہیں، لیکن نتائج سامنے نہیں آ رہے۔ اس وقت لگتا ہے کہ دیوی دیوتاؤں کا آشیرواد ہو تو کوششیں پھلنے لگتی ہیں اور اس کے نتائج آنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیوالی پر ہم سب نے گنیش جی اور لکشمی جی کی پوجا کی۔ ہم سب نے بھگوان سے خوشی اور سکون کی پرارتھنا کی۔ ہم سب نے اپنے اپنے خاندان اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔
ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ تاجر اور صنعت کار اپنے کمرے میں لکشمی جی اور گنیش جی کی مورتی ضرور لگاکر رکھتے ہیں اور ہر صبح کام شروع کرنے سے پہلے ان کی پوجا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ ہندوستانی کرنسی کے ایک طرف مہاتما گاندھی کی تصویر ہے۔ یہ جوں کی توں رکھی جائے، لیکن دوسری طرف گنیش جی اور لکشمی جی کی تصویر لگائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا ایک مسلم ملک ہے۔ انڈونیشیا میں 85 فیصد سے زیادہ آبادی مسلمان ہے اور وہاں دو فیصد سے بھی کم ہندو ہیں لیکن وہاں ان کے نوٹ پر گنیش جی کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔