تعلیم و روزگار

سیول سرویسس نتائج، ٹاپر اشیتا کشور کو پہلا رینک ملنے پر حیرت

ٹاپ رینکر اشیتا کشور دہلی کے شری رام کالج آف کامرس سے اکنامکس کی گریجویٹ ہیں۔ انہیں یہ کامیابی ان کی تیسری کوشش میں ملی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلا مقام حاصل کرنے کا سوچا نہیں تھا۔ یہ ان کے لئے حیران کن ہے۔

نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کی سابق طالبہ اشیتا کشور نے سول سرویسز امتحان 2022 میں سب سے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ نہ صرف ایشیتا نے پہلا مقام حاصل کیا بلکہ ٹاپ فور میں مقامات پر لڑکیوں کا نام ہے جنہوں نے 2022 کے یو پی ایس سی مین امتحان میں سرفہرست رینکس حاصل کئے ہیں۔

دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن پر گریما لوہیا، اوما ہارتھی این اور اسمرتی مشرا ہیں جنہوں نے 933 کامیاب امیدواروں کی فہرست میں اول چار مقامات حاصل کئے ہیں۔

یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے امتحان 2022 کے نتائج کے مطابق جو آج جاری کیے گئے ہیں، سب سے اوپر 25 امیدواروں میں 14 خواتین اور 11 مرد ہیں۔

ٹاپ رینکر اشیتا کشور دہلی کے شری رام کالج آف کامرس سے اکنامکس کی گریجویٹ ہیں۔ انہیں یہ کامیابی ان کی تیسری کوشش میں ملی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلا مقام حاصل کرنے کا سوچا نہیں تھا۔ یہ ان کے لئے حیران کن ہے۔  اب، وہ انڈین ایڈمنسٹریٹو سرویسز (آئی اے ایس) میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔

https://twitter.com/kishore_ishita1/status/1660971462382194690

اشیتا کشور نے مزید بتایا کہ وہ کوالیفائی ہونے کے بارے میں پراعتماد تھیں لیکن میرٹ لسٹ میں سب سے اوپر آنا ان کے لئے حیران کن تھا۔

اشیتا نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں نہیں جانتی کہ میں نے کوئی نیا کام کیا ہو، میں نے جو کچھ کرنے کی کوشش کی وہ یہ ہے کہ گذشتہ امتحانات کے سوالیہ پرچے اچھی طرح دیکھے، انہیں حل کیا، اخبارات سے نوٹ بناتی رہی، حالات پر گہری نظر تھی، شاید یہی سب نے ان کے کام آگیا۔

دوسرے نمبر پر آنے والی گریما لوہیا اور چوتھے نمبر پر آنے والی اسمرتی مشرا سبھی دہلی یونیورسٹی کی فارغ التحصیل ہیں۔ اوما ہارتھی این، جو تیسرے نمبر پر آئیں آئی آئی ٹی حیدرآباد سے انجینئرنگ گریجویٹ ہے۔ گریما لوہیا نے کیوریمل کالج سے کامرس میں گریجویشن کیا جبکہ اسمرتی مشرا نے مرانڈا ہاؤس کالج سے بی ایس سی کیا۔

اسی دوران یو پی ایس سی نے بتایا کہ مجموعی طور پر 933 امیدواروں نے جن میں 613 مرد اور 320 خواتین شامل ہیں، امتحان پاس کیا ہے۔ تمام کامیاب امیدواروں کی فہرست یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔

یو پی ایس سی ہر سال انڈین ایڈمنسٹریٹو سرویس، انڈین فارن سرویس اور انڈین پولیس سروس اور دیگر خدمات کے افسران کو منتخب کرنے کے لئے پریلمنری، مین اور انٹرویو تین مرحلوں میں امتحانات منعقد کرتا ہے۔

a3w
a3w