تلنگانہ

تلنگانہ بھر میں سردی کی لہر میں آئی دوبارہ شدت

متحدہ عادل آباد ضلع میں گذشتہ دو دنوں سے اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے سرپور یو میں اقل ترین درجہ حرارت 8.6ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بشمول ریاست کے کئی اضلاع میں سردی کی لہر میں حالیہ دنوں کے دوران اضافہ درج کیاگیا ہے۔

متحدہ عادل آباد ضلع میں گذشتہ دو دنوں سے اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے سرپور یو میں اقل ترین درجہ حرارت 8.6ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔

عادل آبادضلع کے ہتنورمیں درجہ حرارت9ڈگری، کومرم بھیم کے تریانی میں 9.7ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔اضلاع بالخصوص متحدہ عادل آباد ضلع میں صبح کے اوقات میں کہر کی وجہ سے گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامناکرناپڑرہا ہے۔

کئی گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھولتے ہوئے چلارہے ہیں۔ صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔

فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔

سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے۔ نزلہ‘ کھانسی‘ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔

عادل آباد میں گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام سویٹرس‘ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ صبح میں 9بجے تک بھی سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے اور شام میں چار بجے سے دوبارہ سردی کی لہر ہورہی ہے۔

ساتھ ہی کہر کے سبب راستہ بھی صاف دکھائی نہیں دے رہا ہے۔عادل آباد کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے۔

عادل آباد کے دیہاتیوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے مقابلہ اس مرتبہ سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔