بھاری رقم لے کر امریکہ پہنچنے والے تلنگانہ کے وزیر سے ایئرپورٹ پر پوچھ تاچھ، ایک گھنٹے سے زائد امیگریشن کا سامنا
تلنگانہ کے ایک وزیر کو مبینہ طور پر امریکہ کے ایک ایئرپورٹ پر بھاری مقدار میں نقد رقم ساتھ لے جانے کے معاملے میں امیگریشن حکام کی پوچھ تاچھ کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر تقریباً دو ہفتے قبل اپنے افراد خاندان کے ساتھ امریکہ گئے تھے اور یہ معاملہ اب منظر عام پر آیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ایک وزیر کو مبینہ طور پر امریکہ کے ایک ایئرپورٹ پر بھاری مقدار میں نقد رقم ساتھ لے جانے کے معاملے میں امیگریشن حکام کی پوچھ تاچھ کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر تقریباً دو ہفتے قبل اپنے افراد خاندان کے ساتھ امریکہ گئے تھے اور یہ معاملہ اب منظر عام پر آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزیر کے پاس مبینہ طور پر بڑی مقدار میں نقد رقم موجود تھی۔ امریکی امیگریشن حکام نے انہیں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک امیگریشن کے مقام پر بٹھائے رکھا اور رقم کے بارے میں سوالات کیے۔
حکام نے مبینہ طور پر وزیر سے دریافت کیا کہ وہ اتنی بڑی رقم اپنے ساتھ امریکہ کیوں لے کر آئے ہیں اور رقم کے مقصد اور ذرائع کے بارے میں وضاحت طلب کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر کا تعلق جنوبی تلنگانہ سے ہے اور ریاست میں وہ پہلے ہی مختلف سیاسی الزامات کی زد میں رہے ہیں۔ ان پر مبینہ طور پر مختلف معاملات میں ’’فیصد‘‘ کا مطالبہ کرنے کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ وزیر کے افراد خاندان کے خلاف بھی تلنگانہ میں متعدد الزامات سامنے آنے کی بات کہی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزیر تقریباً دو ہفتے قبل اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ روانہ ہوئے تھے، تاہم ایئرپورٹ پر پیش آنے والے مبینہ واقعہ کی خبر دیر سے سامنے آئی۔
ابھی تک وزیر کے ساتھ موجود مبینہ رقم کی صحیح مقدار، اس کے ذرائع اور امریکی حکام کی جانب سے کسی کارروائی کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ وزیر یا امریکی حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ایئرپورٹ پر پوچھ تاچھ اور وزیر کے خلاف عائد دیگر الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ مزید تفصیلات سرکاری وضاحت کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔