حیدرآباد

عادل آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کا تیقن: کے ٹی آر

کے ٹی آر نے کہاکہ کھمم‘ورنگل‘کریم نگر‘ محبوب نگر‘نلگنڈہ اورمحبوب آباد جیسے اضلاع میں آئی ٹی پارکس پہلے ہی قائم کئے جاچکے ہیں۔ حکومت کی حوصلہ افزائی اور تعاون کی وجہ سے آئی ٹی سیکٹر میں توسیع ہورہی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر بلدی نظم نسق وشہری ترقیات‘ آئی ٹی کے تارک راماراؤ نے عادل آباد میں بہت جلد آئی ٹی پارک قائم کرنے کا تیقن دیا۔ عادل آباد میں بی ڈی این ٹی لیاب کے دورہ اور آئی ٹی ملازمین سے مشاورت کے بعد منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہاکہ آئی ٹی صنعتیں اب دوسرے درجہ کے شہروں تک آرہی ہیں یہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی جانب سے رورل ٹکنالوجی پالیسی کو موثر طورپر نافدکرنے کی وجہ سے ممکن ہوپایا ہے۔

 اس پالیسی کونافذکرنے کی وجہ سے آئی ٹی صنعتیں اب دوسرے درجہ کے شہروں کو آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کھمم‘ورنگل‘کریم نگر‘ محبوب نگر‘نلگنڈہ اورمحبوب آباد جیسے اضلاع میں آئی ٹی پارکس پہلے ہی قائم کئے جاچکے ہیں۔ حکومت کی حوصلہ افزائی اور تعاون کی وجہ سے آئی ٹی سیکٹر میں توسیع ہورہی ہے۔

 کے ٹی آر نے عادل آباد جیسے ٹاؤن تک آئی ٹی میں توسیع بہت بڑی بات ہے اور یہ ہمارے لئے مسرت کا باعث بھی ہے۔ملازمین یہاں سے امریکی کمپنیوں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ بی ڈی این ٹی لیاب عمارت کی تعمیر کے لئے 1.50 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔

کے ٹی آر نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ریاست کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے۔ خصوصیت کے ساتھ عادل آباد کی سمنٹ فیاکٹری سی سی آئی کے احیاء میں مرکز دلچسپی نہیں لے رہاہے جبکہ ریاستی حکومت بنداس سمنٹ فیاکٹری کودوبارہ کھولنے کے لئے مراعات فراہم کرنے تیار ہے۔

 انہوں نے کہاکہ ہرروز‘سمنٹ کی کھپت میں اضافہ ہورہا ہے اورخانگی کمپنیاں اس سلسلہ میں زبردست فائدہ اٹھارہی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ممکنہ حدتک سی سی آئی کااحیاء کیاجاسکتا ہے مگر افسوس اس بات کاہے کہ مرکزاس جانب توجہ نہیں دے رہاہے۔انہوں نے عادل آباد کوتلنگانہ کاکشمیر قراردیا اورکہاکہ حکومت‘عادل آباد کوسیاحتی مرکز بنانے کے لئے کوئی کسرنہیں چھوڑے گی۔