آصف جاہی خاندان کے اثاثوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کا تیقن: نویں نظام نواب رونق یار خان
آصف جاہی خاندان کے اثاثوں کی حفاظت کے لئے قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے گا اور صاحبزادگان کی فلاح وبہبود کے لئے مختلف اقدامات کئے جائیں گے۔
حیدرآباد: آصف جاہی خاندان کے اثاثوں کی حفاظت کے لئے قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے گا اور صاحبزادگان کی فلاح وبہبود کے لئے مختلف اقدامات کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار فنکشن ولا‘ بیگم پیٹ میں صاحبزادگان کے اجلاس سے نویں نظام نواب رونق یار خان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام خاندان سے تعلق رکھنے والے حقیقی شناختی کارڈ رکھنے والوں نے دستخطوں کے ذریعہ میرا انتحاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور بیرونی ممالک میں ہزاروں ایکڑ پر محیط وسیع املاک کی حفاظت اور دوسرے اثاثوں کے تحفظ کے لئے ہندوستانی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ساتویں نظام کی اولاد سے تعلق رکھنے والے صاحبزادگان نے اسٹیج سے اس بات کا اعلان کیا کہ انہوں نے اپنے نویں نظام کے طور پر پرنس نواب رونق یار خان کو متفقہ طور پر منتخب کیا ہے۔
صاحبزادگان نے اپنی خطاب میں اس امید کا اظہار کیا کہ نظام خاندان کے افراد کو ان کے حقوق دلائے جائیں گے اور ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
تمام ارکان خاندان کو نواب رونق یار خان نے متحد کرکے ان کے مسائل سنے ہیں اور ان کو حل کرنے کا تیقن دیا ہے۔ مولانا سعادت پیر بغدادی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ نواب سید مبارک اللہ برکت اور دیگر کی جانب سے نواب رونق یار خان کو تہنیت پیش کی گئی۔
آندھراپردیش کے سابق ڈی جی پی سورنجیت سین‘ متحدہ آندھراپردیش کے سابق ڈی جی پی دنیش ریڈی‘ ایس کے جوشی (سابق ہوم سکریٹری تلنگانہ)‘ اجئے مشار (سابق ہوم سکریٹری‘ حکومت تلنگانہ)‘ سنتوش مبرا (سابق ڈیجی پی)‘ افتخار شریف (این آر آئی) اور دیگر معزز شخصیات موجود تھی۔