حیدرآباد

صدر ٹی پی سی سی کے عہدہ کیلئے کانگریس قائدین کی دوڑ دھوپ

ان اطلاعات کے عام ہونے کے بعد کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے تلنگانہ کے لئے نئے صدر پی سی سی صدر کا تقرر کیا جانے والا ہے، تلنگانہ کانگریس قائدین میں اس عہدہ کو حاصل کرنے کے لیے مقابلہ آرائی شروع ہو چکی ہے۔

حیدرآباد: ان اطلاعات کے عام ہونے کے بعد کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے تلنگانہ کے لئے نئے صدر پی سی سی صدر کا تقرر کیا جانے والا ہے، تلنگانہ کانگریس قائدین میں اس عہدہ کو حاصل کرنے کے لیے مقابلہ آرائی شروع ہو چکی ہے۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد کو بھاگیہ نگر سے موسوم کرنے کاوعدہ، کشن ریڈی کی زہر افشانی
دہلی پولیس کی کارروائی کے خلاف کانگریس ہائیکورٹ سے رجوع
41 برسوں کے بعد کسی وزیراعظم کا دورہ عادل آباد
کانگریس کو مضبوط بنانے پارٹی قائدین میں اتحاد ضروری: مری آدتیہ ریڈی
مودی حکومت افشاء اور فراڈ کے بغیر امتحان منعقد نہیں کرسکتی: کھرگے

کئی قائدین، ٹی پی سی سی کے صدر کا عہدہ حاصل کرنے کے لئے ہائی کمان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ مادیگا طبقہ اور ایس سی قائدین بھی ٹی پی سی سی صدر کے عہدے کے لیے دوڑ دھوپ میں مصروف ہیں اور اپنے اپنے طریقہ سے ہائی کمان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

بی سی قائدین کا استدلال ہے کہ ریڈی برادری سے تعلق رکھنے والے ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کا عہدہ دیا گیا اور ایس سی برادری سے تعلق رکھنے والے ملو بھٹی وکرمارکہ کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا گیا۔

بی سی، تلنگانہ کی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے ہیں چنانچہ بی سی قائدین ہائی کمان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ٹی پی سی سی صدر کا عہدہ بی سی قائد کو دیا جائے۔ دوسری طرف مادیگا قائدین کا کہنا ہے کہ ملو بھٹی وکرامارکہ کو جو ایس سی مالا برادری سے تعلق رکھتے ہیں، ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا گیا اور تلنگانہ میں مادیگا برادری کی تعداد مالا برادری سے زیادہ ہے لہٰذا ٹی پی سی سی صدر کا عہدہ مادیگا طبقہ کو دیا جانا چاہئے۔

اطلاعات کے مطابق ریڈی طبقہ کے کچھ کانگریس قائدین بھی ٹی پی سی سی صدر کا عہدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کانگریس قائدین کا ماننا ہے کہ ہائی کمان چیف منسٹر کا عہدہ اور ٹی پی سی سی صدر کا عہدہ ایک ہی کمیونٹی کو نہیں دے گا۔ کانگریس قائدین کا خیال ہے کہ ہائی کمان ٹی پی سی سی صدر کی تقرری کے دوران بی سی کو ترجیح دے سکتی ہے۔

ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، سابق ایم پی مدھو یاشکی گوڑ اور سابق ایم پی انجن کمار یادو بی سی طبقہ سے ٹی پی سی سی صدر کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ کانگریس ہائی کمان صدر پردیش کانگریس کے عہدے کے لیے ان ناموں پر غور کر سکتی ہے۔ اگر ہائی کمان مادیگا برادری کے قائد کے نام پر غور کرتی ہے تو ٹی پی سی سی صدر کے عہدے کے لیے سابق ایم ایل اے سمپت کمار کو موقع مل سکتا ہے۔

دوسری طرف بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر بھی ٹی پی سی سی صدر کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہونے کی اطلاع ہے۔ اور وہ وزارت کے ساتھ ساتھ ٹی پی سی سی کی صدارت چاہتے ہیں۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ ہائی کمان نے واضح کر دیا ہے کہ وزراء کو ٹی پی سی سی صدر کا عہدہ نہیں دیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی پی سی سی صدر کے عہدہ کی دوڑ میں شامل تمام قائدین چیف منسٹر ریونت ریڈی کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ موجودہ حالات میں کانگریس ہائی کمان کسی ایسے شخص کو ریاستی کانگریس کا صدر مقرر نہیں کر سکتی جو ریونت ریڈی کے خلاف ہو۔

ماضی میں چیف منسٹر پر نظر رکھنے کے لیے ہائی کمان مخالفت کرنے والے گروپ میں سے کسی کو ٹی پی سی سی صدر کے طور پر مقرر کرتی رہی مگر سونیا گاندھی کے اے آئی سی سی صدر بننے کے بعد انہوں نے اس طریقہ کو ختم کر دیا۔ اب ہائی کمان چاہتی ہے کہ چیف منسٹر اور ٹی پی سی سی صدر دونوں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

a3w
a3w