دہلی

حضرت بل زیارت گاہ میں اشوک استمبھ والی تختی پر تنازعہ، گری راج سنگھ کا راہول گاندھی پر حملہ (ویڈیو)

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اتوار کے دن راہول گاندھی پر سخت ریمارکس کئے۔ انہوں نے ان پر بہار تا کشمیر ملک کی بے عزتی اور اسے عدم استحکام سے دوچار کردینے کا الزام عائد کیا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اتوار کے دن راہول گاندھی پر سخت ریمارکس کئے۔ انہوں نے ان پر بہار تا کشمیر ملک کی بے عزتی اور اسے عدم استحکام سے دوچار کردینے کا الزام عائد کیا۔

سری نگر کی زیارت گاہ حضرت بل میں اشوک استمبھ والی تختی کی توڑپھوڑ کے واقعہ کے بعد انہوں نے یہ بیان دیا۔ آئی اے این ایس سے بات چیت میں گری راج سنگھ نے کہا کہ ملک اگر راہول گاندھی کے کہنے پر چلنے لگا تو تباہ ہوجائے گا۔

توڑپھوڑ کے واقعہ کو پچھلے سیاسی تنازعات سے جوڑتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں راہول گاندھی‘ تیجسوی یادو اور لالو یادو سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ کتنی مرتبہ بہار کو ذلیل کرائیں گے؟۔ ایس آئی آر کے دوران اسٹالن کو لاگر گالیاں دلائی گئیں۔ ریونت ریڈی کو بلایا گیا جس نے بہار کا ڈی این اے گِن دیا۔

اب راہول گاندھی نے کشمیر میں یہ کیا کرادیا؟۔ اشوک پلر صرف بہار کے راجہ اشوک کا استمبھ نہیں ہے۔ اسے دستور نے ملک نے اپنایا ہے۔

جموں وکشمیر وقف بورڈ نے زیارت گاہ حضرت بل کی تزئین نو کے بعد جو افتتاحی تختی لگائی تھی اس پر اشوک استمبھ کی تصویر دیکھ کر لوگ بھڑک گئے تھے۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ راہول گاندھی بیرونی ممالک میں جاکر ہندوستان کو بدنام کرتے ہیں۔