سوشیل میڈیاکرناٹک

دلت سے شادی‘ جوڑے پر6لاکھ کا جرمانہ، چونکادینے والا واقعہ

اس جوڑے کی شادی پانچ سال قبل ہوئی تھی لیکن دیہاتیوں کو حال میں پتہ چلا کہ میاں بیوی کی ذات مختلف ہے۔ دیہاتیوں نے جوڑے پر 6لاکھ روپئے جرمانہ عائدکردیا اور گاؤں میں ان کا بائیکاٹ کردیا۔

چامراج نگر(کرناٹک): کرناٹک کے ضلع چامراج نگر میں ایک چونکادینے والی پیشرفت میں ایک جوڑے کو انٹرکاسٹ (بین ذات پات) شادی پر جرمانہ اور بائیکاٹ کا سامنا کرناپڑا۔ واقعہ ضلع کے تعلقہ کولیگل کے موضع کونہ گلی کا ہے۔

متعلقہ خبریں
بچہ کی جنس کا پتا چلانے بیوی کا پیٹ چیرنے والے شخص کو سخت سزا
کمیشن نے چامراج نگر سیٹ پر دیا دوبارہ پولنگ کا حکم
اسرائیلی بمباری سے بے گھر ہوئے جوڑوں کی شادی
کرناٹک قانون ساز کونسل میں متنازعہ مندر ٹیکس بل کو شکست
بین مذہبی جوڑے کو مارپیٹ،7 افراد گرفتار

پولیس کے بموجب اس جوڑے کی شادی پانچ سال قبل ہوئی تھی لیکن دیہاتیوں کو حال میں پتہ چلا کہ میاں بیوی کی ذات مختلف ہے۔ دیہاتیوں نے جوڑے پر 6لاکھ روپئے جرمانہ عائدکردیا اور گاؤں میں ان کا بائیکاٹ کردیا۔

بے عزتی برداشت نہ کرتے ہوئے اس جوڑے نے یکم مارچ کو کولیگل میں پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اعلیٰ ذات(شیٹی) سے تعلق رکھنے والے گونداراجو کو منڈیا کی رہنے والی شویتا (درج فہرست ذات) سے پیارہوا تھا۔

دونوں نے جب شادی کا فیصلہ کیاتھا تو ان کے ماں باپ نے اس کی مخالفت نہیں کی تھی اور سب رجسٹرار کے دفتر میں شادی ہوگئی تھی۔ گوندراجو نے مالاولی میں سکونت اختیارکرلی تھی لیکن وہ اپنے ماں باپ سے ملنے بیوی کے ساتھ کوناگلی آیاکرتا تھا۔

 گذشتہ ماہ جب یہ جوڑا گاؤں آیاتو شویتا نے پڑوسن سے بات چیت میں اسے یہ بتادیاکہ میں دلت ہوں۔ معاملہ گاؤں کے بزرگوں کے پاس پہنچا اور انہوں نے 23 فروری کو میٹنگ کی۔ انہوں نے گوندراجو اور شویتا دونوں کے ماں باپ کو طلب کیا اور 3-3 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کردیا۔

 کہاگیاکہ یکم مارچ تک جرمانہ کی رقم ادا کردی جائے۔ جوڑے نے گاؤں کے 12افراد کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔ یہ پتہ چلتے ہی گاؤں کے بزرگوں نے جرمانہ کی رقم بڑھا کر 6لاکھ روپئے کردی اور گاؤں میں گوندراجو کے کنبہ کا بائیکاٹ کردیا۔

 گاؤں والوں نے گوند راجو کے کنبہ کو گاؤں سے باہرکردیا اور حکم جاری کیاکہ وہ گاؤں کے دکانداروں سے راشن‘سبزیاں‘دودھ‘پانی کچھ بھی نہ خریدے۔ حکام نے تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

a3w
a3w