شمالی بھارت
تین طلاق دینے پر کیس درج
مدھیہ پردیش کے رتلام میں ایک شخص کے خلاف اس کی 21 سالہ بیوی کو تین طلاق دینے کے الزام میں کیس درج کیا گیا ہے۔

رتلام(مدھیہ پردیش) (پی ٹی آئی) مدھیہ پردیش کے رتلام میں ایک شخص کے خلاف اس کی 21 سالہ بیوی کو تین طلاق دینے کے الزام میں کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) اور مسلم ویمن (پروٹیکشن آف رائٹس آن میریج) ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا۔
سٹی اسٹیشن روڈ پولیس اسٹیشن کے انچارج سوراج دابی نے بتایا کہ شکایت درج کرانے والی خاتون کا الزام ہے کہ وہ جب اپنی آنٹی اور بہن کے ساتھ 3 اپریل کو شوہر کے سیلون گئی تو اس نے اسے گالیاں دیں، تھپڑ مارے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
شوہر نے تین طلاق دے دی۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس جوڑے کی شادی گزشتہ برس دسمبر میں ہوئی تھی اور ایک ماہ بعد سے شوہر خاتون سے کہہ رہا تھا کہ وہ اپنے مائیکہ میں رہے۔ ملک میں نئے قانون کی رو سے وقت واحد میں تین طلا ق دینا ممنوع ہے۔