دلتوں کی چیخیں بھی حکومت بہار کو گہری نیند سے جگانے میں ناکام رہیں: راہول
ضلع نواڈا میں مکانات کو نذرآتش کرنے پر نتیش کمار حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ دلتوں کی چیخیں بھی حکومت ِ بہار کو گہری غنودگی سے نکالنے میں ناکام رہیں۔
نئی دہلی: ضلع نواڈا میں مکانات کو نذرآتش کرنے پر نتیش کمار حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ دلتوں کی چیخیں بھی حکومت ِ بہار کو گہری غنودگی سے نکالنے میں ناکام رہیں۔
تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ نواڈا میں مہادلتوں کی پوری کالونی کو نذرآتش کردینا اور زائداز 80 خاندانوں کے مکانات کو تباہ کردینا بہار میں بہوجنوں کے ساتھ جاری شدید ناانصافی کی بھیانک تصویر کو اجاگر کرتا ہے۔
دلتوں کی چیخ و پکار جو خوفناک فائرنگ اور دہشت گردی میں میں اپنے مکانات اور جائیداد سے محروم ہوگئے‘ حکومت ِ بہار کو جگانے میں ناکام رہیں جو سورہی ہے۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ ایسے انتشارپسند عناصر بی جے پی قیادت کے تحت پناہ حاصل کرسکتے ہیں۔
وہ لوگ بہوجنوں کو ڈرادھمکاسکتے ہیں اور کچل سکتے ہیں تاکہ بہوجن اپنے سماجی و دستوری حقوق کا مطالبہ بھی نہ کرسکیں۔ انہوں نے اس شرمناک جرم کے مرتکبین کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم کی خاموشی اس بڑی سازش کی منظوری کی مہر ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی او رکہا کہ یہ انتہائی خوفناک واقعہ ہے۔ انہوں نے نتیش کمار حکومت کو نشانہ ئ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نواڈا کے واقعہ سے نظم وضبط کا ڈھیر ہوجانا ظاہر ہوتا ہے۔
دہشت گردی کرتے ہوئے درجنوں راؤنڈ فائرنگ اور لوگوں کو بے گھر کرنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں نظم وضبط کی صورتِ حال پوری طرح ٹھپ ہوچکی ہے۔ دیہی غریبوں کو عدم تحفظ اور خوف کے سائے میں جینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔