کھیل

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دانوشکا گناتھیلکا کو معطل کردیا

ایس ایل سی نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا کرکٹ کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے قومی کھلاڑی دانوشکا گوناتھیلکا کو فوری طور پر تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کولمبو: سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) بورڈ نے آسٹریلیا میں جنسی ہراسانی کے الزام میں گرفتاری کے بعد کرکٹر دانوشکا گوناتھیلکا کو فوری طور پر کھیل کے تمام فارمیٹس سے معطل کر دیا ہے۔

ایس ایل سی نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا کرکٹ کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے قومی کھلاڑی دانوشکا گوناتھیلکا کو فوری طور پر تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دانوشکا گوناتھیلکا کو آسٹریلیا میں ایک خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کئے جانے کے بعد ان کے انتخاب کے لئے غور نہیں کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سری لنکا کرکٹ مبینہ جرم کی فوری تحقیقات کے لئے بھی ضروری اقدامات کرے گی۔ اگر آسٹریلیا میں مذکورہ عدالتی کیس کے اختتام پر وہ قصوروار پایا گیا تو اسے سزا دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

خیال ر ہے کہ دانوشکا گوناتھیلکا کو جنسی ہراسانی کے الزام میں سڈنی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اسے اتوار کی علی الصبح سسیکس اسٹریٹ کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈیلی مرر کے مطابق دانوشکا گوناتھیلکا آج سڈنی کی عدالت میں ہتھکڑیوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش ہوا۔ سری لنکائی کرکٹر نے جنسی زیادتی کے الزام میں ضمانت کی درخواست دی تھی لیکن مجسٹریٹ نے اسے مسترد کر دیا اور انہیں حراست میں ہی رہنا پڑے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دانوشکا گوناتھیلکا کو ایسے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے قبل اس پر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے کم از کم تین الزامات لگے ہیں۔ اس کے علاوہ اسے دو دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ دورہ انگلینڈ کے دوران بائیو ببل توڑنے کا بھی قصوروار پایا گیا تھا۔