منحرف ایم ایل ایز کو اندرون 4ہفتہ نااہل قرار دینے کا فیصلہ کریں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کا حکم
تلنگانہ ہائی کورٹ نے پیر کے روز اسپیکر اسمبلی کے دفتر کو حکم دیا ہے کہ منحرف ارکان اسمبلی (ایم ایل ایز) جو حکمراں جماعت کانگریس میں شامل ہوئے ہیں کو 4 ہفتوں کے اندر نااہل قرار دینے کا فیصلہ کرے۔
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے پیر کے روز اسپیکر اسمبلی کے دفتر کو حکم دیا ہے کہ منحرف ارکان اسمبلی (ایم ایل ایز) جو حکمراں جماعت کانگریس میں شامل ہوئے ہیں کو 4 ہفتوں کے اندر نااہل قرار دینے کا فیصلہ کرے۔
عدالت نے آج اپوزیشن بی آر ایس کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے منحرف ایم ایل ایز کو اندرون ایک ماہ نااہل قرار دینے کا فیصلہ کیا جانا چاہئے۔ بی آر ایس نے اپنی پارٹی کے ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کی التجا کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ یہ ایم ایل ایز، بی آر ایس سے انحراف کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
عدالت نے بی آر ایس اور بی جے پی کی عرضیوں پر فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کے دفتر کو یہ حکم دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ اگر اسپیکر 4ہفتوں کے اندر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے تو عدالت اس معاملہ کی از خود سماعت کرے گی۔ بی آر ایس لیڈرس پی کوشک ریڈی اور وویکا نندا گوڑ نے عدالت العالیہ میں عرضی داخل کرتے ہوئے سیاسی وفاداری تبدیل کرنے پر ایم ایل ایز دانم ناگیندر، کڈیم سری ہری اور ٹی وینکٹ راؤ کو نااہل قرار دینے کی اپیل کی تھی۔
بی جے پی ایم ایل اے مہیشور ریڈی نے بھی دانم ناگیندر کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں ایک درخواست داخل کی ہے۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کڈیم پرساد کمار، نااہل قرار دینے کے معاملہ پر سپریم کورٹ کے احکام پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ بی آر ایس نے گزشتہ ماہ پارٹی کے 10ارکان اسمبلی کو جو حکمراں جماعت کانگریس میں شامل ہوچکے ہیں، نااہل قرار دینے کی اپنی قانونی لڑائی میں شدت پیدا کردی ہے۔
بی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی آر کے ساتھ پارٹی کے سابق وزیر ٹی ہریش راؤ اور دیگر سینئر قائدین نے دہلی میں ماہرین قانون سے ملاقات کی تھی۔ ان کی یہ ملاقات پارٹی کے منحرف ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کی مساعی کا حصہ تھی۔ ماہرین قانون نے بی آر ایس وفد کو بتایا تھا کہ انحراف سے مربوط منی پور کیس کے بشمول مختلف کیسوں میں سپریم کورٹ نے واضح فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے اس احساس کا اظہار کیا کہ ماضی کے برخلاف اسپیکر اسمبلی، منحرف ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کے معاملہ کو مزید طویل عرصہ تک التواء میں نہیں رکھ سکتے۔ کے ٹی آر نے کہا تھا کہ اسی طرح کے کیسوں میں سپریم کورٹ کے فیصلوں اور ماہرین قانون کے مشوروں کے مطابق ان کی پارٹی، منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے لئے اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی، بہت جلد سپریم کورٹ سے رجو ع ہوگی۔ انہوں نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ نااہل قرار دینے کا معاملہ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے فیصلوں سے اندرون ایک ماہ حل ہوجائے گا۔ بھارت راشٹراسمیتی (بی آر ایس) کے ارکان اسمبلی رواں سال مارچ سے حکمراں جماعت کانگریس میں شامل ہوگئے۔