نواب ملک کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے جمعہ کے دن این سی پی قائد نواب ملک کی درخواست ِ ضمانت کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ کئی لوگ صرف ایک گردہ کے ساتھ نارمل زندگی جی رہے ہیں۔

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے جمعہ کے دن این سی پی قائد نواب ملک کی درخواست ِ ضمانت کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ کئی لوگ صرف ایک گردہ کے ساتھ نارمل زندگی جی رہے ہیں۔
نواب ملک نے امراضِ گردہ کی بنیاد پر بمبئی ہائی کورٹ سے ضمانت دینے کی گزارش کی تھی۔جسٹس انوجا پربھو دیسائی کی بنچ نے جمعہ کے دن بحث سنی اور اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ میں اگلے ہفتہ آرڈر دوں گی۔ نواب ملک کے وکیل امیت دیسائی نے عدالت سے کہا کہ ان کے موکل کی صحت بگڑتی جارہی ہے۔ وہ فی الحال امراض گردہ کے اسٹیج 2-3 میں ہیں۔
سرجری کی ضرورت ہے۔ انہیں تناؤ کی ایسی ہی صورتِ حال میں رکھا گیا تو یہ ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل انیل سنگھ ای ڈی کی طرف سے پیش ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ نواب ملک کی حالت اتنی نازک نہیں ہے جتنی بتائی جارہی ہے۔ ان کے ایک گردہ میں مسئلہ ہے۔ ان کا ایک گردہ اچھی طرح کام کررہا ہے۔
کئی مرتبہ لوگ ایک گردہ کا عطیہ دے دیتے ہیں اور ایک گردہ کے ساتھ اپنی زندگی گزاردیتے ہیں۔ نواب ملک بھی نارمل زندگی گزار سکتے ہیں۔