پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں بڑی کوتاہی
انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں کوتاہی کا ایک بار پھر معاملہ سامنے آیا ہے اور جمعہ کو ایک نوجوان نے دیوار کود کر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں گھس گیا۔

نئی دہلی: انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں کوتاہی کا ایک بار پھر معاملہ سامنے آیا ہے اور جمعہ کو ایک نوجوان نے دیوار کود کر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں گھس گیا۔
ذرائع کے مطابق اس نوجوان نے ریڈ کراس روڈ سے لوک سبھا کمپلیکس کی طرف دیوار کود کر احاطہ میں داخل ہوا۔ کچھ ملازمین نے اسے دیوار سے کودتے دیکھا تھا۔ بعد میں سیکورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔
اس سال کے شروع میں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے پارلیمنٹ کمپلیکس کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے تقریباً چھ ماہ کے اندر سیکورٹی کی یہ بڑی خامی سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی کی ذمہ داری دہلی پولیس کے پاس تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ نوجوان کو احاطے میں کودنے سے پہلے دیوار کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ خبر لکھے جانے تک پارلیمنٹ ہاؤس کے سیکیورٹی اہلکار ان سے پوچھ گچھ کر رہے تھے۔ بعد میں اسے دہلی پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا، ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ وہ کس مقصد سے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہوا تھا۔
دسمبر 2023 میں پارلیمنٹ پر 2001 کے حملے کی برسی پر دو افراد لوک سبھا کی کارروائی دیکھنے کے نام پر سامعین گیلری میں پہنچے تھے۔ بعد ازاں وہ سیکورٹی کے نظام کو چکمہ دیتے ہوئے ایوان میں گھس گئے اور وہاں گیس چھوڑ دی تھی۔ اس وقت لوک سبھا کی کارروائی چل رہی تھی۔ اسی دوران ان کے دو ساتھیوں نے بھی پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے باہر گیس چھوڑی۔ اس معاملے میں چھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
اس واقعہ کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی کی ذمہ داری دہلی پولیس سے لے کر سی آئی ایس ایف کو سونپ دی گئی تھی۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔