تلنگانہ: تیندوے کے حملہ میں بکریاں ہلاک
رامیا نے مزید بتایا کہ قریبی درخت پر ایک بکری کی لاش لٹکی ہوئی نظر آئی جس سے دیہاتیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے حکام موقع پر پہنچے، انہوں نے جانور کے پنجوں کے نشانات دیکھ کر تصدیق کی کہ یہ تیندوے کا حملہ تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع جئے شنکربھوپال پلی کے مہا متارم منڈل میں تیندوے کی آمد سے سنسنی پھیل گئی۔
اطلاعات کے مطابق جل پلی گاؤں کے حدود میں ہفتہ کی رات ایک تیندوے نے بکریوں کے ریوڑ پر حملہ کیا۔
بکریوں کے مالک پلی رامیا نے بتایا کہ وہ رات کو ریوڑ کو شیڈ میں بند کر کے گھر چلا گیا تھا لیکن اتوار کی صبح جب وہ شیڈ پر پہنچا تو دیکھا کہ تمام بکریاں اِدھر اُدھر بکھری پڑی ہیں، کئی زخمی ہیں اور دو بکریاں ہلاک ہو چکی ہیں۔ اسے شبہ ہے کہ یہ حملہ تیندوے نے ہی کیا ہوگا۔
رامیا نے مزید بتایا کہ قریبی درخت پر ایک بکری کی لاش لٹکی ہوئی نظر آئی جس سے دیہاتیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے حکام موقع پر پہنچے، انہوں نے جانور کے پنجوں کے نشانات دیکھ کر تصدیق کی کہ یہ تیندوے کا حملہ تھا۔
محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے مرنے اور زخمی ہونے والی بکریوں کا معائنہ کیا اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی۔ آس پاس کے گاؤں کے کسانوں اور چرواہوں میں خوف کا ماحول ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگل کے علاقوں میں نہ جائیں اور اگر تیندوے کے کوئی آثار نظر آئیں تو فوراً محکمہ جنگلات کو اطلاع دیں۔