راہول کیخلاف ہر سازش کا جواب دے گی کانگریس: کھڑگے،پرینکا
راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ کرنے سے متعلق درخواست کو گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے خارج کرنے پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ گاندھی حق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پارٹی لیڈر راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ کرنے سے متعلق درخواست کو گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے خارج کرنے پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ گاندھی حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور مودی حکومت ان کی آوازدبانے کے لیے کوئی بھی حربہ اختیار کرے لیکن آخر کار حق کی ہی فتح ہوگی اور عوام کی آواز کی جیت ہوگی۔
انہوں نے مودی حکومت کو متکبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سچ کو دبانے کے لیے ہر حربہ آزما رہی ہے اور عوامی مفادات سے جڑے سوالات سے توجہ ہٹانے کے لیے طرح طرح کی سازشیں کر رہی ہے، لیکن کانگریس ڈرنے والی نہیں ہے اور وہ سیاسی اور قانونی لڑائی لڑتی رہے گی۔
اس سے پہلے کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا، "راہول گاندھی کو پارلیمنٹ سے نااہل قرار دینے پر گجرات ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کا فیصلہ ہمارے نوٹس میں آیا ہے۔ معزز جج کے دلائل کا مطالعہ کیا جا رہا ہے، جیسا کہ ہونا چاہیے۔” ہائی کورٹ کے فیصلے نے اس کیس کو آگے بڑھانے کے ہمارے عزم کو دوگنا کر دیا ہے۔”
کھڑگے نے کہا، ” راہول گاندھی نے ہمیشہ حق کی جنگ لڑی ہے اور اس کے لیے لڑتے رہیں گے۔ سچ یہ ہے کہ للت مودی، نیرو مودی، میہول "بھائی”، وجے مالیا، جتن مہتا جیسے بھگوڑے، مودی حکومت کی نگرانی میں عوام کے پیسے لے کر، مشکوک طور پر بیرون ملک پہنچ گئے۔
بی جے پی نے ان کو تو آزاد کردیا، لیکن جھوٹ کی چالیں چل کر، ایک سیاسی سازش کے تحت مسٹر راہل گاندھی کو کٹہرے میں کھڑا کر کے پارلیمنٹ سے معطل کرا دیا۔
بی جے پی کے راج میں پہلے بدعنوان باہر بھاگتے ہیں اور دوسری جانب مودی جی کی پارٹی جن لوگوں پر بدعنوانی کا الزام ہے ان لوگوں کو بی جے پی کے ‘سوچھ بھارت ابھیان’ کے واشنگ مشین میں دھو کر اقتدار پر قبضہ کرنے کا کھیل کھیلتی ہے۔