ایشیاء

شہباز شریف حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم

پاکستان تحریک ِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری (چودھری فواد حسین) نے جمعہ کے دن کہا کہ ان کی پارٹی موجودہ حکومت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے اور تازہ انتخابات کا اعلان کرنے ایک ماہ سے زیادہ وقت نہیں دے گی۔

اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی پارٹی نے ملک میں تازہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے شہباز شریف کی مخلوط حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دیا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو ملک کی معیشت برباد کرنے زیادہ وقت نہیں دیا جاسکتا۔

پاکستان تحریک ِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری (چودھری فواد حسین) نے جمعہ کے دن کہا کہ ان کی پارٹی موجودہ حکومت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے اور تازہ انتخابات کا اعلان کرنے ایک ماہ سے زیادہ وقت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ان کی پارٹی اسلام آباد میں بڑے جلسہ کی تاریخ کا اعلان کردے گی۔ اس جلسہ میں پی ٹی آئی‘ مخلوط حکومت کو الٹی میٹم دے گی کہ وہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردے۔ دی ایکسپریس ٹریبون نے فواد چودھری کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔

 انہوں نے کہا کہ الٹی میٹم کے بعد بھی حکومت نے اگر الیکشن کا اعلان نہ کیا تو پھر اسے یہ دیکھنے کے لئے تیار رہنا چاہئے کہ ہم کیا کرتے ہیں کیونکہ اس حکومت کو ملک کی معیشت تباہ کرنے مزید وقت نہیں دیا جاسکتا۔سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کو الیکشن کمیشن پر کوئی بھروسہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ الیکشن کمیشن صاف و شفاف الیکشن کرائے گا۔

 عمران خان کی پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ٹکراؤ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے منگل کے دن کہا تھا کہ عمران خان کی پارٹی نے 34 بیرونی شہریوں بشمول ایک ہندوستانی نژاد تاجر خاتون سے فنڈس لے کر قواعد کی خلاف ورزی کی جبکہ دوسری طرف عمران خان کا الزام ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ‘ امپورٹیڈ حکومت کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔

پاکستان میں پچھلے عام انتخابات جولائی 2018میں ہوئے تھے اور موجودہ قومی اسمبلی اکتوبر 2023 تک برقرار رہے گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ اگلے عام انتخابات وقت پر یعنی آئندہ سال ہی ہوں گے۔

جمعرات کے دن پاکستان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ وہ جاریہ سال اکتوبر تک عام انتخابات کرانے کی تیاری میں ہے کیونکہ اس نے حلقوں کی ازسرنو حدبندی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ عمران خان نے زور دے کر کہا ہے کہ ملک میں موجودہ سیاسی بحران کے خاتمہ کا واحد راستہ فوری صاف و شفاف الیکشن کرادینا ہے۔

a3w
a3w